کانگریس دور میں ہمہ جماعتی جمہوری نظام ناکام تھا ؟

,

   

معیشت تباہ حال تھی ‘ سرحدات محفوظ نہیں تھیں۔ وزیر داخلہ امیت شاہ کا تقریب سے خطاب
نئی دہلی 17 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج کانگریس کو اس کے پالیسی مفلوج ہونے کے کلچر پر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اس کے دور میں کرپشن تھا اور سرحدات غیر محفوظ تھیں۔ انہوں نے کہا کہ 2014 سے پہلے عوام میں یہ فکر تھی کہ آیا ہندوستان کا ہمہ جماعتی جمہوری نظام ناکام تو نہیں ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اقتدار میں ملک کے حالات ایسے تھے کہ عام آدمی کو کوئی پتہ نہیں تھا کہ ملک کہاں جا رہا ہے اور آیا کوئی قیادت بھی حقیقی معنوں میںہے جو ملک کو اس صورتحال سے باہر نکالے گی ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے تقریبا 70 سال بعد عوام کے ذہنوں میں یہ سوال تھا کہ آیا ہمارے اجداد کا جو ویژن تھا کیا وہ واقعی حقیقت پسندانہ تھا ؟ ۔ کیا ہمہ جماعتی جمہوری نظام ملک کے شہریوں کی توقعات کو پورا کرنے میں ناکام تو نہیں ہوگیا ہے ۔ انہں نے آل انڈیا مینجمنٹ اسوسی ایشن کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ امیت شاہ نے کہا کہ ملک کے عوام سابقہ حکومتوں کی کارکردگی سے خوش نہیں تھے ۔ اس دور میں وسیع کرپشن تھا ہماری سرحدات محفوظ نہیں تھیں اور ہمارے سپاہی ہر روز مارے جا رہے تھے ۔ پالیسی کا عمل مفلوج ہوگیا تھا ۔ قیادت کا کلئیر ویژن نہیںتھا ۔ معیشت تباہ حال تھی ۔ خواتین محفوظ تصور نہیں کر رہی تھیں اور نوجوان مایوس تھا ۔ وہ ایسی حکومت تھی جہاں ہر وزیر خود کو وزیر اعظم سمجھ رہا تھا اور وزیر اعظم خود کو وزیر اعظم نہیں سمجھتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اسی صورتحال میں ملک کے عوام نے نریندر مودی حکومت کو قطعی اکثریت دی جو 30 سال میں پہلی مرتبہ ہوا تھا ۔