کانگریس صدارتی انتخاب: ششی تھرور بمقابلہ ملکارجن کھرگے

,

   

l جھارکھنڈ کے ترپاٹھی مقابلہ میں تیسرے امیدوار، تینوں نامزدگیاں داخل
l 25 سال میں پہلا غیر گاندھی صدر کانگریس ہوگا، 17 اکٹوبر کو چناؤ

نئی دہلی: ملکارجن کھرگے اور ششی تھرور آخرکار کانگریس کی صدارت کے لیے دو نمایاں امیدوار بن کر ابھرے ہیں اور دونوں نے آج نامزدگیوں کے ادخال کے آخری روز اپنے کاغذات داخل کئے۔ ان دونوں کے علاوہ جھارکھنڈ کے سابق وزیر کے این ترپاٹھی نے بھی مقابلہ میں تیسرے امیدوار کی حیثیت سے اپنی نامزدگی داخل کی ہے۔ 25 سال میں یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ کوئی غیر گاندھی لیڈر صدر کانگریس بنے گا۔ 80 سالہ کھرگے کو گاندھی قائدین کی حمایت بتائی جاتی ہے اور ان کا 17 اکٹوبر کے انتخابات میں منتخب ہونا لگ بھگ طے ہے۔ کھرگے راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر ہیں اور آج اپنی نامزدگی داخل کرنے کے بعد امکان ہے کہ وہ اس عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے کیوں کہ کانگریس میں ایک شخص ، ایک عہدے کا قائدہ ہے۔ صدارتی انتخاب کے لیے کھرگے کا نام تجویز کرنے والوں میں کئی بڑے نام شامل ہیں جیسے سابق وزرائے اعلی بھوپیندر سنگھ ہوڈا، ڈگ وجئے سنگھ اور پرتھوی راج چوہان، سابق وزیر دفاع اے کے انٹونی، پارٹی ترجمان ابھیشیک سنگھوی اور سابق مرکزی وزیر اجئے ماکن و دیگر۔ تھرور نے بھی آج سہ پہر تین بجے کی قطعی مہلت سے قبل اپنی نامزدگی داخل کی۔ نامزدگی سے دستبرداری کا موقع ختم ہونے کے بعد ایک سے زائد امیدوار باقی رہتے ہیں تو چنائو ہوگا۔