کانگریس قائدین کیخلاف امبانی کا کیس ختم

,

   

رافیل معاملت کے الزامات کا سبب الیکشن، ریلائنس کی وضاحت
۔5,000 کروڑ روپئے کا ہتک عزت مقدمہ

احمدآباد؍ نئی دہلی ، 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ارب پتی تاجر انیل امبانی کے ریلائنس گروپ نے منگل کو کہا کہ اس نے کانگریس قائدین اور اخبار نیشنل ہیرالڈ کے خلاف دائر ہتک عزت سے متعلق 5,000 کروڑ روپئے کے ہرجانہ والے دیوانی مقدمات سے دستبرداری اختیار کرلینے کا فیصلہ کیا ہے، اور کہا کہ اس کا ماننا ہے کہ رافیل لڑاکا جٹ طیارہ معاملت کے بارے میں اُن کے بیاناتاور آرٹیکل عام انتخابات سے قبل کے ماحول میں انتخابی مقاصد کیلئے رہے ہیں۔ یہ مقدمات احمدآباد کی کورٹ میں دائر کئے گئے تھے اور ان کی شنوائی سٹی سیول اینڈ سیشنس جج پی جے تماکووالا کی عدالت میں ہورہی ہے۔ ریلائنس گروپ نے ایک بیان میں کہا، ’’ہمارا ماننا ہے کہ ریلائنس گروپ اور ڈسالٹ ایوئیشن کے درمیان ذیلی معاہدہ کے ضمن میں بعض افراد اور کارپوریٹ اداروں کی جانب سے اہانت آمیز بیانات لوک سبھا الیکشن 2019ء سے قبل کی مدت میں سیاسی مقاصد کیلئے رہے۔ انتخابات کا اتوار 19 مئی 2019ء کو اختتام ہوگیا۔ علاوہ ازیں یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیردوراں ہے۔ اس لئے گروپ کی جانب سے مختلف افراد اور کارپوریٹ اداروں کے خلاف دائر ہتک عزت مقدمات سے دستبرداری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کانگریس پارٹی اور اس کے صدر راہول گاندھی نے گزشتہ چند ماہ میں بارہا الزام عائد کیا کہ فرانس سے 36 رافیل طیاروں کی خریداری کی معاملت میں کرپشن ہے اور دعویٰ کیا کہ امبانی کے گروپ کو اس معاملت کے ذیلی کنٹراکٹس کے حصول پر 30,000 کروڑ روپئے کا فائدہ ہوا ہے۔ ریلائنس گروپ نے بعض کانگریس قائدین کے خلاف ہتک عزت کے مقدمات دائر کئے تھے مگر راہول گاندھی کے خلاف نہیں۔