کانگریس قائدین کی گورنر سوندرا راجن سے ملاقات منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کی اپیل

,

   

حیدرآباد۔ 17 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس قائدین کے ایک وفد نے آج ریاستی گورنر ٹی سوندرا راجن سے ملاقات کی اور کانگریس پارٹی کے 12 ارکان اسمبلی کے انحراف پر کارروائی کی اپیل کی ۔ گورنر سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت جس طرح جمہوریت کا قتل کر رہی ہے، اس کی تفصیلات سے گورنر کو واقف کرایا گیا ۔ گورنر کو بتایا گیا کہ انہوں نے جن وزراء کو حال ہی میں حلف دلایا ، ان میں کانگریس سے انحراف کرنے والے بھی شامل ہیں۔ حکومت نے انسداد انحراف قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے منحرف ارکان کو وزارت میں شامل کیا ہے ۔ گورنر کو بتایا گیا کہ 12 منحرف ارکان کا معاملہ عدالت میں زیر دوران ہے ، اس کے باوجود کابینہ میں منحرف رکن کو جگہ دی گئی ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کے سی آر دستور اور قانون کو نظر انداز کرچکے ہیں۔ بھٹی وکرمارکا نے بتایا کہ 12 ارکان اسمبلی کو غیر قانونی اور غیر دستوری طور پر ٹی آر ایس میں ضم کرلیا گیا ۔ گورنر کو ارکان اسمبلی کے انحراف کی تاریخوں کے ساتھ تفصیلات حوالے کی گئی۔ گورنر سے اپیل کی گئی کہ وہ انسداد انحراف قانون کے تحت منحرف کانگریسی ارکان کے خلاف کارروائی کریں۔