کانگریس کا پرگتی بھون گھیراؤ احتجاج کامیاب، سینکڑوں قائدین اور کارکن گرفتار

,

   

ریونت ریڈی موٹر سیکل اور جگا ریڈی آٹو میں پہنچ گئے، سینئر قائدین گھروں پر نظربند، پرگتی بھون کے اطراف سخت سیکوریٹی انتظامات
حیدرآباد۔21 ۔ اکٹوبر(سیاست نیوز) آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کی تائید میں کانگریس پارٹی نے آج چیف منسٹر کی سرکاری رہائش گاہ پرگتی بھون کے گھیراؤ کا اعلان کیا تھا ۔ پارٹی کے کئی قائدین کو کل رات سے ہی ان کے مکانات پر نظربند کردیا گیا جبکہ پرگتی بھون کے قریب پہنچنے والے قائدین کو پولیس نے حراست میں لے کر شہرکے مختلف پولیس اسٹیشنوں کو منتقل کردیا۔ کانگریس کا احتجاجی پروگرام مجموعی طور پر کامیاب رہا اور صبح سے دوپہر تک وقفہ وقفہ سے کانگریس کے قائدین اور کارکن جتھوں کی شکل میں پرگتی بھون پہنچے اور اپنا احتجاج درج کرایا ۔ پولیس نے کل رات سے ہی کانگریس قائدین کے مکانات پر سخت پہرہ لگادیا تھا اور صبح سے انہیں مکانات سے نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ پولیس کو چکمہ دے کر ارکان پارلیمنٹ اے ریونت ریڈی اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، رکن اسمبلی جگا ریڈی اور دیگر قائدین کسی طرح پرگتی بھون پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔ وقفہ وقفہ سے کانگریس کے احتجاج کے نتیجہ میں پنجہ گٹہ اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں ٹریفک میں خلل پڑا ۔ پولیس نے احتجاج کو روکنے کے لئے ٹریفک تحدیدات عائد کی تھی ۔ پرگتی بھون پہنچنے والے راستوں پر گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی تھی ۔ خاص طور پر ٹریفک سگنل پر سادہ لباس میں پولیس کو تعینات کیا گیا تاکہ گاڑیوں میں پہنچنے والے کانگریس قائدین اور کارکنوں کی نشاندہی کی جاسکے۔ ریونت ریڈی کی قیامگاہ کو پولیس نے گھیر لیا تھا ، تاہم وہ منصوبہ بند طریقہ سے اپنے ایک حامی کی موٹر سیکل پر سوار ہوکر پرگتی بھون پہنچے۔ پولیس کی گا ڑیاں انہیں روکنے میں ناکام ہوگئیں کیونکہ وہ مین روڈ کے بجائے دیگر چھوٹے راستوں سے ہوکر پرگتی بھون تک پہنچ گئے۔ سیاہ ٹی شرٹ میں اپنا احتجاج درج کرتے ہوئے ریونت ریڈی جیسے ہی پرگتی بھون پہنچے ، کانگریس کے کئی کارکن اور ان کے حامی جمع ہوگئے۔ چیف منسٹر کے خلاف نعرہ بازی کی گئی اور انہیں پولیس نے حراست میں لے لیا ۔ ریونت ریڈی کو حراست میں لینے کے بعد پولیس کی گاڑی میں شہر کے مختلف علاقوں میں گشت کرایا گیا اور یہ طئے نہیں کیا گیا کہ انہیں کس پولیس اسٹیشن میں رکھا جائے ۔ بعد میں انہیں کاماٹی پورہ پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا ۔ سابق وزیر اور قانون ساز کونسل میں سابق قائد اپوزیشن محمد علی شبیر کو ان کی قیام گاہ پر محروس رکھا گیا اور انہیں نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ رکن اسمبلی جگا ریڈی آٹو میں سوار ہوکر پرگتی بھون کی طرف بڑھ رہے تھے کہ انہیں سوماجی گوڑہ کے قریب پولیس نے حراست میں لے لیا ۔ صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو ، سابق رکن کونسل راملو نائک ، صدر یوتھ کانگریس انیل کمار یادو کو پرگتی بھون کے پاس حکومت کے خلاف نعرہ بازی کے دوران حراست میں لیا گیا ۔ پولیس کے ساتھ دھکم پیل میں انیل کمار یادو معمولی زخمی ہوگئے۔ این ایس یو آئی کے صدر پی وینکٹ ، یوتھ کانگریس کے قائد وکرم گوڑ اور شریمتی اندرا شوبھن نے بھی گرفتاری پیش کی ۔ جن اہم قائدین کو پولیس نے مکانات پر محروس رکھا ، ان میں جانا ریڈی ، بھٹی وکرمارکا ، پونالہ لکشمیا ، سریدھر بابو، دامودر راج نرسمہا ، گیتا ریڈی ، سمپت کمار ، پونم پربھاکر ، ایم رنگا ریڈی اور کونڈا وشویشور ریڈی شامل ہیں۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ کو املی بن بس اسٹیشن پر آر ٹی سی جے اے سی کے احتجاجی پروگرام میں شرکت پر گرفتار کر کے ملک پیٹ پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا ۔ گاندھی بھون کے روبرو پردیش کانگریس کے نائب صدر ملو روی ، پردیش کانگریس کے ترجمان ستیش مادیگا ، مانوتا رائے ، سید نظام الدین اور صدرنشین گریٹر حیدرآباد میناریٹی ڈپارٹمنٹ سمیر ولی اللہ کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ حکومت کے خلاف نعرہ بازی کر رہے تھے۔ اس موقع پر چیف منسٹر کا علامتی پتلا نذر آتش کیا گیا ۔ ان قائدین کو بیگم پیٹ پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا ۔ جگا ریڈی اور ان کے فرزند بھرت ریڈی کو گوشہ محل پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا ۔ پولیس کل رات سے ریونت ریڈی کا پتہ چلانے کی کوشش کر رہی تھی لیکن اسے ناکامی ہوئی۔ پولیس نے ریونت ریڈی کے حامیوں کے مکانات کی تلاشی لی گئی ۔ پرگتی بھون کے اطراف موجود ہوٹلوں کی تلاشی لی گئی ۔ کانگریس قائدین ہرش وردھن ریڈی اور رام موہن ریڈی نے پرگتی بھون پر گرفتاری کے موقع پر کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات کی یکسوئی تک کانگریس پارٹی احتجاج جاری رکھے گی۔ پولیس نے کانگریس کے سینئر قائد راج ٹھاکر کو پرگتی بھون کے قریب گرفتار کر کے کارخانہ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ رکن اسمبلی جگا ریڈی نے حکومت کے رویہ پر تنقید کی اور کہا کہ احتجاج کرنا عوام کا جمہوری حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پو لیس کے ذریعہ احتجاج کو کچلنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ جگا ریڈی نے کہا کہ وہ چیف منسٹر سے نمائندگی کے لئے پرگتی بھون پہنچے تھے۔ چیف منسٹر کو چاہئے تھا کہ وہ ملاقات کیلئے وقت دیتے، بجائے اس کے قائدین کو گرفتار کرلیا گیا ۔