کانگریس کی دوسری فہرست میں راج ببر، جیسوال، پریہ دت شامل

,

   

سشیل کمار شنڈے شولاپور سے امیدوار، یو پی سے ظفرعلی نقوی اور پرویز خان کو بھی ٹکٹ

نئی دہلی ۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے لوک سبھا انتخابات کیلئے اپنی 21 امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کردی ہے۔ پارٹی کے اترپردیش یونٹ کے صدر راج ببر کو مرادآباد سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ سابق مرکزی وزیر سری پرکاش جیسوال کانپور سے مقابلہ کریں گے۔ سابق وزیرداخلہ سشیل کمار شنڈے شولا پور سے امیدوار ہوں گے جبکہ سنیل دت کی دختر پریہ دت ممبئی نارتھ سنٹرل سے مقابلہ کریں گی۔ کانگریس کی دوسری فہرست میں اترپردیش سے 16 امیدوار اور مہاراشٹرا سے 5 امیدواروں کا نام شامل کیا گیا ہے۔ اس فہرست میں دیگر اہم ناموں میں کسان کانگریس سربراہ نانا پٹولے کو ناگپور سے، سابق مرکزی وزیر ملند دیورا ممبئی ساؤتھ سنجے سنگھ سلطان پور، ساوتری پھولے انہوں نے کچھ دن پہلے بی جے پی سے استعفیٰ دیکر کانگریس میں شمولیت اختیار کی، بہرائچ سے امیدوار ہوں گی۔ کانگریس نے اترپردیش جیسی اہم ریاست سے اب تک 27 امیدواروں کے نام کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی نے راکیش سچن کو فتح پور، قیصرجہاں کو سیتاپورم اور امباتی دیوی کو نگینہ کا ٹکٹ دیا ہے۔ کانگریس نے سابق یو پی وزیر ظفرنقوی کو کھیری اور سابق چیف منسٹر یو پی کملاپتی ترپاٹھی کے پڑپوترے للتیش پتی ترپاٹھی کو مرزا پور سے امیدوار بنایا ہے۔ یو پی سے مزید جن ناموں کا اعلان کیا گیا ہے ان میں منجری راہی، رام چنگر بھارگوا، رتنا سنگھ، پرویز خان بھی شامل ہیں۔ اداکار سے سیاستداں بننے والے راج ببر جنہوں نے گذشتہ لوک سبھا انتخابات میں غازی آباد سے مقابلہ کیا تھا لیکن ناکام رہے تھے اس مرتبہ مرادآباد سے مقابلہ کریں گے۔