کثیر رقم لوٹنے والے پانچ رہزن گرفتار، مسروقہ رقم ضبط

   

نامپلی پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔/12 اپریل، ( سیاست نیوز) نامپلی پولیس نے 50 لاکھ روپئے نقد رقم کی رہزنی میں ملوث پانچ رہزنوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 46 لاکھ نقد رقم برآمد کرلی۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سیف آباد وینو گوپال ریڈی نے کہا کہ 7 اپریل کی شب کانتی لال جو ریڈی میڈ گارمنٹس کا تاجر بتایا جاتا ہے کی 50 لاکھ نقد رقم درخواست گذار کے بہنوئی ارجن سنگھ کے ہاتھوں منتقل کی جارہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ رہزنی ایک منصوبہ بند ڈرامہ تھا جس کے تحت یہ کارستانی انجام دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ارجن سنگھ نے کانتی لال کی نقد رقم لوٹنے کی غرض سے ایک منصوبہ بنایا جس میں راجپوت امید سنگھ ، بھنور سنگھ راج پروہت، پراوین سنگھ وکی راج پروہت جن کا تعلق راجستھان سے ہے نے اس سازش میں حصہ لیا۔ ارجن سنگھ نے کانتی لال کو بتایا کہ اس کی نقد رقم کو بعض نامعلوم افراد نے نامپلی علاقہ میں لوٹ لیا ہے۔ نامپلی پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور شبہ کی بنیاد پر ارجن سنگھ کی تفتیش کی گئی جس پر اس نے کانتی لال کی رقم لوٹنے کا انکشاف کیا۔