کرناٹک میں مقابلہ کے بجائے بی آر ایس کی جنتا دل سیکولر کو تائید

   

بیدر اور کلبرگی میں کے سی آر کی ریالیوں کا منصوبہ،31 حلقوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش
حیدرآباد۔/28 مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر اور بی آر ایس کے قومی صدر کے چندر شیکھر راؤ نے کرناٹک کے اسمبلی انتخابات میں جنتا دل سیکولر کے حق میں انتخابی مہم چلانے کی تیاری کرلی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جنتا دل سیکولر کے قائد ایچ ڈی کمارا سوامی نے کے سی آر سے خواہش کی کہ سابق ریاست حیدرآباد کے علاقوں میں انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے جنتا دل سیکولر کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کریں۔ ان علاقوں میں بسنے والے افراد کے تلنگانہ سے گہرے روابط ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر نے بیدر، کلبرگی اور دیگر علاقوں میں جلسوں سے خطاب سے اتفاق کیا ہے۔ وہ جنتا دل سیکولر امیدواروں کے ساتھ مہم میں حصہ لیں گے۔ واضح رہے کہ کے سی آر نے ابتداء میں تلنگانہ سے متصل کرناٹک کے اضلاع میں اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا تھا لیکن کمارا سوامی کی درخواست پر انہوں نے 2024 لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس اور بی جے پی سے کرناٹک میں جنتادل سیکولر کو سخت مقابلہ درپیش ہے لہذا کے سی آر نے جنتا دل سیکولر کے حق میں مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے بعد کے سی آر کے دورہ کے پروگرام کو قطعیت دی جائے گی۔ واضح رہے کہ کے سی آر اور ایچ ڈی کمارا سوامی کے ابتداء ہی سے بہتر روابط رہے ہیں۔ کرناٹک کے 31 اسمبلی حلقے ایسے ہیں جو سابق ریاست حیدرآباد کا حصہ رہے ہیں۔ کے سی آر ان حلقوں میں اپنے حلیف کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کریں گے۔ر