کرناٹک میں کوئی سیاسی بحران نہیں ، چیف منسٹر کمارا سوامی کا ادعا

,

   

جے ڈی ایس ارکان اسمبلی کو کہیں بھی منتقل نہیں کیا جارہا ۔ کانگریس کے بعض ایم ایل ایز کی غداری کی تصدیق نہیں ہوئی

بنگلورو ۔16جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک میں برسراقتدار مخلوط اور بی جے پی کی جانب سے ایک دوسرے پر جوڑ توڑ کے الزامات کی وجہہ سے پیداشدہ سیاسی بحران کے درمیان چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی نے آج کہاکہ حالات قابو میں ہیں اور فکرمندی کی کوئی وجہہ نہیں ۔ برسراقتدار اتحاد کی طرف سے بی جے پی ایم ایل ایز کو لالچ دینے کے کوئی بھی ’’آپریشن ‘‘ کو مسترد کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہاکہ اس کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور اُنھیں حکومت کے استحکام کے تعلق سے پورا اطمینان ہے ۔ انھوں نے کہا کہ مجھے جوڑ توڑ یا ارکان اسمبلی کو خریدنے کیلئے مہم چلانے کی کیا ضرورت ہے ، درحقیقت میرے پاس معقول عددی طاقت ہے ۔ سب کچھ کنٹرول میں ہے ، فکر مت کیجئے ۔ وہ اخباری نمائندوں کے اس سوال کا جواب دے رہے تھے کہ آیا بی جے پی ایم ایل ایز جو گرگاؤں میں کیمپ کئے ہوئے ہیں ، اُنھیں کانگریس ۔ جے ڈی ایس مخلوط کی جانب سے اپنی طرف کھینچ لینا کا اندیشہ ہے۔

چیف منسٹر نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی کے ریاستی صدر بی ایس یدی یورپا کو وضاحت کرنا چاہئے کہ آیا اُن کی پارٹی کے ایم ایل ایز کو وہاں سنکرانتی منانے کیلئے منتقل کیا گیا ہے یا کچھ اور وجہہ ہے ؟ پیر کو جوڑ توڑ کے اندیشوں سے پیداشدہ سیاسی جنگ میں نمایاں تبدیلی تب آئی جب دو ایم ایل ایز ایچ ناگیش (آزاد) اور آر شنکر ( کے پی جے پی ) نے منگل کو گورنر وجوبھائی والا کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے اُنھیں جے ڈی ایس ۔ کانگریس حکومت کیلئے اپنی تائید سے فوری اثر کے ساتھ دستبردار ہوجانے کے اپنے فیصلے سے واقف کروایا۔ یہ وضاحت کرتے ہوئے کہ اُن کی پارٹی ایم ایل ایز کو کسی بھی تفریح گاہ کو منتقل نہیں کیا جارہا ہے جیسا کہ میڈیامیں قیاس آرائی ہورہی ہے ، چیف منسٹر نے کہاکہ ہم کسی کو بھی کہیں بھی منتقل نہیں کررہے ہیں ، اس کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ لہذا میری میڈیا سے درخواست ہے کہ خود کو بیوقوف نہ بنائیں اور ریاست کے عوام کو بھی گمراہ نہ کریں۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ آیا کانگریس چہارشنبہ کو یا اُس کے بعد اپنے ایم ایل ایز کو کسی ریزارٹ کو منتقل کرے گی یا نہیں؟ پانچ کانگریس ایم ایل ایز جو ممبئی میں ہیںاُن کے تعلق سے بتایا جارہا ہے کہ وہ مبینہ طورپر بی جے پی کے کنٹرول میں آگئے ہیں اور اُس پارٹی کے ساتھ ربط میں ہیں ۔ تاہم چیف منسٹر کمارا سوامی کا کہنا ہے کہ کانگریس ایم ایل ایز بھلے ہی فی الحال ربط میں نہیں ہے لیکن اُن کی پارٹی سے علحدگی کی کوئی اطلاع مجھے نہیں ہے ۔ کمارا سوامی نے یہ بھی کہا کہ اُنھوں نے کانگریس قیادت کو حقائق سے واقف کرا دیاہے ۔ اس ضمن میں میڈیا رپورٹس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کمارا سوامی نے کہاکہ ایسی اطلاعات کے ذریعہ میڈیا اپنا اعتبار تیزی سے کھوتا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر نے سوال کیا کہ کیا آپ لوگ صورتحال کو مجھ سے بہتر جانتے ہو ۔ چیف منسٹر کی حیثیت سے میں ان باتوں سے بخوبی واقف ہوں ۔ دریں اثناء ڈپٹی چیف منسٹر جی پرمیشور نے کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال سے ملاقات کی جو شہر میں ہیں۔