کرناٹک : وزیر کے کلرک نے چار کنٹراکٹرس سے 25.76 لاکھ روپئے حاصل کئے

   

بنگلورو۔ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے وزیر بی سی ویلفیر کے دفتر میں کام کرنے والے ایک کلرک نے جس کے قبضہ سے یہاں ریاستی سیکریٹریٹ میں 25.76 لاکھ روپئے کی رقم ضبط کی گئی، دعویٰ کیا کہ اس نے یہ رقم چار سیول کنٹراکٹرس سے حاصل کی ہے۔ پولیس نے آج یہ بات بتائی۔ میسورو کے سری چماراجندرا بائیولوجیکل گارڈن کے ملازم، موہن کو ودھان سدھا میں سی پٹارنگا شیٹی کے دفتر میں متعین کیا گیا تھا۔ وہ ایک ٹائپسٹ تھا لیکن وزیر کے پی اے کے طور پر بھی کام کرتا تھا۔ 4 جنوری کو ودھان سدھا پولیس نے اسے اس وقت گرفتار کیا جب وہ شام میں رقم کے ساتھ سیکریٹریٹ سے باہر نکل رہا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق موہن نے پوچھ تاچھ کرنے والوں کو بتایا کہ اس نے یہ رقم چار سیول کنٹراکٹرس سے حاصل کی تھی جن کے اس نے نام بتائے اور رقم کے بارے میں بھی بتایا۔