کرکرے کیخلاف زہر افشانی کے بعد پرگیہ بیان سے دستبردار

,

   

وہ میری بددعا پر ہلاک ہوئے ، بی جے پی امیدوار کے دعویٰپر ملک گیر مذمت کا نتیجہ
بھوپال 19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شہید ہیمنت کرکرے کے خلاف زہرافشانی کی ملک گیر مذمت کے پیش نظر لوک سبھا حلقہ بھوپال کی بی جے پی امیدوار اور مالیگاؤں دھماکے کیس کی ملزمہ پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو آج اپنے ریمارک سے دستبرداری پر مجبور ہونا پڑا۔ پرگیہ نے کہا تھا کہ مہاراشٹرا انسداد دہشت گرد اسکواڈ (اے ٹی ایس) کے سربراہ ہیمنت کرکرے 26/11 ممبئی دہشت گرد حملوں میں اس لئے ہلاک ہوگئے کیوں کہ ان کی جانب سے دوران تحقیقات اُنھیں اذیت دینے پر اُنھوں (پرگیہ) نے اُنھیں کوستے ہوئے بددعائیں دی تھیں۔ پرگیہ نے جمعرات کی شب یہاں بی جے پی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یہ دعویٰ بھی کیاکہ کرکرے نے یہ ذہن بنالیا تھا کہ اُنھیں (پرگیہ کو) کسی بھی صورت میں رہا نہ کیا جائے۔ پرگیہ نے دعویٰ کیا تھا کہ متعلقہ تحقیقاتی کمیشن کے رکن نے اُن (کرکرے) سے کہا تھا کہ اگر آپ کے پاس اُن (پرگیہ) کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے تو آخر کس لئے اُس کو جیل میں قید رکھا گیا ہے، جس پر اُنھوں (کرکرے) نے کہاکہ ثبوت لانے کے لئے وہ کچھ بھی کرنے کیلئے تیار ہیں۔جمعہ کو پرگیہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ گذشتہ روز انہوں نے اپنی جیل کی زندگی کے بارے میں بتایا اس سے میرا احساس ہیکہ ملک کے دشمن فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں، اس لئے میں میرے بیان کو واپس لیتی ہوں اور اس کیلئے معذرت خواہ ہوں، یہ میرا شخصی تکلیف کا معاملہ رہا ہے۔ پرگیہ نے اپنا موقف یکسر تبدیل کرتے ہوئے یہ بھی باضابطہ کہا کہ ہیمنت کرکرے دشمن ملک کے دہشت گردوں کی گولیوں سے مرے، وہ بے شک شہید ہوئے۔