کرکٹ پر سٹہ بازی کا ریاکٹ بے نقاب

   

دو سٹے باز گرفتار ، نقد رقم اور ٹی وی سیٹس ضبط
حیدرآباد 11 جولائی (سیاست نیوز) ورلڈکپ کرکٹ 2019 پر سٹے بازی کے ایک اور ریاکٹ کو ٹاسک فورس پولیس نے بے نقاب کرتے ہوئے 2 سٹے بازروں کو گرفتار کرلیا۔ نارتھ زون ٹاسک فورس ٹیم نے افضل گنج علاقہ میں واقع ایک مکان پر دھاوا کرتے ہوئے کرکٹ بُکی نٹوردرک اور اُس کے ایجنٹ جی سدا رمیش کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ نٹوردرک کا تعلق ضلع عثمان آباد مہاراشٹرا سے ہے اور وہ 15 سال قبل روزگار کی تلاش میں اپنے ارکان خاندان کے ہمراہ شہر حیدرآباد منتقل ہوا تھا۔ آئی سی سی ورلڈکپ کرکٹ میاچس پر اُس نے سٹہ چلانے کا فیصلہ کیا جس کے لئے اُس نے ایک ایجنٹ سدا رمیش کو بھی اِس کاروبار کے لئے اپنے پاس ملازمت پر رکھ لیا اور شہر میں سٹے کی بولی وصول کررہا تھا۔ پولیس نے مزید بتایا کہ مذکورہ کرکٹ بُکی ڈائمنڈ ایکس چینج ایپ کے ذریعہ سٹے کی بولی حاصل کیا کرتا تھا اور شہر میں رقم وصول کیا کرتا تھا۔ اِس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس پولیس نے افضل گنج علاقہ میں دھاوا کرتے ہوئے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے کرکٹ میچ پر سٹہ چلانے کے الزام میں مذکورہ سٹے بازوں کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے 46 ہزار روپئے نقد، موبائیل فون، ٹی وی سیٹ اپ باکس ضبط کرلیا گیا۔ اِس ریاکٹ میں گجرات کا سٹے باز سرجو پٹیل مفرور ہے۔