کسانوں کو حکومت امیروں سے ’کمتر‘ کیوں سمجھتی ہے؟

,

   

نئی دہلی ، 11 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کسانوں کی مشکلات کیلئے مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے کہا کہ اس نے انھیں کچھ راحت نہیں دی ہے اور تعجب کیا کہ آیا وہ انھیں بزنس مینوں کے مقابل ’’کمتر‘‘ باور کرتی ہے، جنھیں رعایتیں دی گئی اور جن کے لاکھوں کروڑ روپئے کے قرض معاف کردیئے گئے ہیں۔ مرکزی وزیر راجناتھ سنگھ نے لوک سبھا میں راہول کے الزام کے جواب میں کہا کہ وہ کسانوں کی زبوں حالی کیلئے کانگریس کی طویل حکمرانی کو مورد الزام سمجھتے ہیں اور دعویٰ کیا کہ کسی وزیراعظم نے نریندر مودی کی طرف کسانوں کیلئے کام نہیں کیا ہے۔ وقفہ صفر میں اس مسئلہ کو اٹھاتے ہوئے راہول نے 17 ویں لوک سبھا میں اپنی مختصر تقریر میں زیادہ تر کیرالا پر توجہ مرکوز کی اور ویاناڈ میں جہاں سے وہ لوک سبھا کیلئے منتخب ہوئے ہیں، کسانوں کو درپیش مسائل کا خصوصیت سے تذکرہ کیا۔ انھوں نے سوال کیا کہ کیوں حکومت کسانوں سے سوتیلا سلوک کرتی ہے۔