کشمیرمیں تصادم، حزب کمانڈر سمیت تین جنگجو ہلاک

   

سرینگر۔ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب مسلح تصادم میں تین جنگجو مارے گئے ۔جموں وکشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ضلع اننت ناگ کے چوہار رانی پورہ میں کل رات دیر گئے شروع ہونے والا مسلح تصادم تین جنگجوئوں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہلوک جنگجوئوں کی شناخت معلوم کی جارہی ہے جبکہ علاقے میں تلاشی آپریشن بھی جاری ہے ۔سرینگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مسلح تصادم کی جگہ سے ایک AK47 اور دو پستولیں برآمد کی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ تلاشی آپریشن جاری ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع اننت ناگ کے چوہار رانی پورہ میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر اننت ناگ پولیس، فوج کی 19 آر آر اور سی آر پی ایف نے علاقے میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔انہوں نے کہا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کی ایک پارٹی ایک مشتبہ جگہ کو گھیرنے لگی تو وہاں موجود جنگجوئوں نے سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی ،سیکورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ کے بعد طرفین کے درمیان باضابطہ طور پر تصادم چھڑ گیا جس میں تین جنگجو مارے گئے۔