کشمیر میں افواج کی فوری دستبرداری نہیں

,

   

اپوزیشن کو صبر سے کام لینا چاہئے ۔ جی کشن ریڈی کا مشورہ
حیدرآباد 22 اگسٹ ( پی ٹی آئی ) مرکزی حکومت کا فوری طور پر جموںو کشمیر سے سکیوریٹی فورسیس کی دستبرداری کا منصوبہ نہیں ہے جہاں دفعہ 370 کو منسوخ کردیا گیا ہے ۔ منسٹر آف اسٹیٹ داخلہ جی کشن ریڈی نے یہ بات کہی اور کہا کہ جب پاکستان کی جانب سے اشتعال انگیزی کی جا رہی ہے تو ہم فوری اپنی افواج سے کیوں دستبرداری اختیار کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کوشش کر رہی ہے کہ کشمیریوں کو بھڑکایا جائے اور وہاں امن کو متاثر کیا جائے تاکہ وہ بین الاقوامی برادری سے رجوع ہوکر شکایت کرسکے ۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ افواج سے دستبرداری اختیار کی جانی چاہئے یا نہیں اس کا فیصلہ مقامی انتظامیہ کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں صورتحال فی الحال پر امن ہے اور وزیر داخلہ امیت شاہ مسلسل صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔ کشن ریڈی نے واضح کیا کہ اسکولس کھل چکے ہیں۔ دفعہ 144 کو ختم کردیا گیا ہے ۔ سرکاری دفاتر میں کام کاج شروع ہوچکا ہے اور جو رکاوٹیں نافذ کی گئی تھیں ان میں سے کچھ ختم کردی گئی ہیں۔ اس سوال پر کہ اپوزیشن قائدین کو ریاست میں اجلاس منعقد کرنے کا موقع کیوں نہیں دیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت نے پاکستان کے ارادوں کی وجہ سے احتیاط سے کام لیا ہے اور اپوزیشن قائدین کو صبر سے کام لینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ جموںو کشمیر میں امن کو متاثدر کیا جائے تاکہ دنیا سے یہ کہہ سکے کہ ریاست کے تعلق سے حکومت کا فیصلہ غلط تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی بہت وقت ہے ۔ آپ کشمیر جا سکتے ہیں اور فی الحال صبر کیجئے ۔

چدمبرم کے خلاف ثبوت موجود : کشن ریڈی
حیدرآباد 22 اگسٹ ( پی ٹی آئی ) سینئر کانگریس لیڈر پی چدمبرم کو اس لئے گرفتار کیا گیا کیونکہ وہ تحقیقاتی ایجنسیوں سے تعاون نہیں کر رہے تھے ۔ مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ داخلہ جی کشن ریڈی نے یہ بات کہی اور کہا کہ ان کے خلاف ثبوت موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب مقدمہ عدالت میں چلایا جائیگا ۔ حکومت کے ذریعہ نہیں۔ قانون اپنا کام کریگا ۔ انہوں نے بتایا کہ چدمبرم کو اس لئے گرفتار کیا گیا کیونکہ وہ تحقیقاتی ایجنسیوں کے ساتھ تعاون نہیں کر رہے تھے ۔ انہیں تعاون کرنا چاہئے تھا ۔ چدمبرم کے خلاف ثبوت و شواہد موجود ہیں کہ کس نے کس سے اور کس بینک کے ذریعہ رقومات حاصل کی ہیں۔ تمام ریکارڈز موجود ہیں۔ چدمبرم کو سی بی آئی نے کل ان کی دہلی کی قیامگاہ سے گرفتار کرلیا تھا ۔