کشمیر کی صورتحال پر چین کی نظر، باہمی مذاکرات پر زور

   

چین اور پاکستان کے مابین ٹھوس بنیادوں پر اٹوٹ دوستی ،عمران سے صدر ژی کی بات چیت

بیجنگ ۔ 9 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) چین کے صدر ژی جن پنگ نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے کہا کہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر چین باریک بینی سے نظر رکھے ہوئے ہے اور امید ظاہر کی کہ متعلقہ فریقین اس مسئلہ کو پرامن مذاکرات کے ذریعہ حل کرسکتے ہیں۔ ژی نے جو رواں ہفتہ کے دوران وزیراعظم نریندر مودی سے دوسری غیررسمی چوٹی ملاقات کیلئے ہندوستان کا دورہ کریں گے، عمران خان کو یقین دلایا کہ بین الاقوامی تبدیلیوں اور علاقائی صورتحال کے باوجود چین اور پاکستان کے درمیان ’’کبھی نہ ٹوٹنے والی اور ٹھوس بنیادوں‘‘ پر مبنی دوستی ہے۔ عمران خان نے ایک ایسے وقت چین کا دورہ کیا ہے جب جموں و کشمیر کے خصوصی موقف کی تنسیخ کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ ژی نے دائی او یو تائی اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں عمران خان سے ملاقات کی۔ چین پہلے ہی کہہ چکا ہیکہ وہ چین ۔ پاکستان برادری کو قریب لانے کیلئے اپنے دیرینہ پڑوسی حل کے ساتھ سنجیدگی سے کام کرنے تیار ہے تاکہ مستقبل کیلئے ایک نئے دور کا آغاز کیا جاسکے۔ چین کے سرکاری ادارہ چائنا گلوبل ٹیلیویژن نیٹ ورک (سی جی سی این) کے مطابق ’’ژی نے یقین دلایا کہ چین جموں و کشمیر کی صورتحال پر نظر رکھی ہے۔ پاکستان کے تمام جائز مفادات کے تحفظ کیلئے چین اس ملک کی تائید کرتا ہے اور امید ہیکہ دونوں متعلقہ فریقین اس مسئلہ کو پرامن مذاکرات کے ذریعہ حل کرلیں گے۔