کلواکرتی میں احتجاجی آر ٹی سی ورکرس میں اناج کی تقسیم

   

کلواکرتی۔/17 نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلواکرتی میں چل رہی گزشتہ 44 روز سے آر ٹی سی احتجاجی کارکنوں کو یہاں کے سابق سرپنچ نے ان کے گھریلو اخراجات کیلئے اناج کے ذریعہ ان کی مدد کی ۔ جناب بی آنند کمار نے آج یہاں احتجاجی کیمپ پہنچ کر دیڑھ ماہ سے بغیر تنخواہ کے اپنے مطالبات کی تکمیل کیلئے احتجاج کررہے آر ٹی سی ورکرس کو جہاں ان کے گھر چولہا جلنے کیلئے اور ان کے بچے پیٹ بھرکھانے سے سیراب ہونے کیلئے اپنی جانب سے ایک سوسے زائد احتجاجی کارکنوں کیلئے 25 کیلو چاول ، تیل، دال و دیگر اشیاء پر مشتمل پیاکیج کا نظم کیا جبکہ مسلسل احتجاج کے دوران دوپہر کے کھانے کیلئے مختلف احباب کی جانب سے روزانہ نظم کیا جارہا ہے۔ احتجاج کے سبب جہاں یہ کارکن گھریلو حالات سے پریشان ہیں وہیں پر ان کے لئے یہ دوپہر کے کھانے کا نظم کچھ راحت پہنچا رہا ہے۔ تمام احتجاجی کارکنوں اور ان کی مدد کیلئے وہاں پہنچنے والے قائدین و دیگر کا مطالبہ ہے کہ چیف منسٹر جلد سے جلد بات چیت کے ذریعہ ان کے مسائل حل کریں اور ان کی رکی ہوئی زندگی کے پہیہ کو آگے بڑھائیں۔ اس موقع پر کانگریس ، بی جے پی ، سی پی آئی ایم، سی پی ایم، بہوجن سماج، اساتذہ تنظیموں کے نمائندے اور دیگر موجود تھے۔