کنہیا کمار کی عنقریب کانگریس میں شمولیت؟

   

نئی دہلی : سیاسی حلقوں میں یہ باتیں زوروں پر ہیں کہ جواہر لال نہرو یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے سابق صدر اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے لیڈر کنہیا کمار عنقریب کانگریس پارٹی میں شامل ہوسکتے ہیں۔ ذرائع نے کہاکہ کنہیا اور کانگریس قائدین کے درمیان بات چیت جاری ہے۔ کنہیا عنقریب کانگریس لیڈر راہول گاندھی سے ملاقات کرسکتے ہیں اور اُس کے بعد پارٹی میں اُن کی شمولیت متوقع ہے۔ کنہیا نے 2019 ء کا لوک سبھا الیکشن سی پی آئی امیدوار کی حیثیت سے بی جے پی لیڈر گری راج سنگھ کے خلاف بہار کے حلقہ بیگوسرائے میں لڑا تھا جس میں اُنھیں ناکامی ہوئی۔ تب سے کنہیا کمار نے اپنی سرگرمیاں کچھ کم کردی ہیں اور اب کانگریس میں شمولیت کی باتوں سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سابق جے این یو اسٹوڈنٹ کے سیاسی کیرئیر کی نئی شروعات ہونے جاری ہے۔ کنہیا کمار یونیورسٹی کے دور سے ہی ملک بھر کے پڑھے لکھے طبقہ میں مقبول رہے ہیں۔ اُنھوں نے بھی متعدد سیکولر گوشوں کی طرح مودی زیرقیادت بی جے پی حکومت کی فرقہ پرستانہ پالیسیوں کے خلاف ابتداء سے آواز اُٹھائی ہے۔ اِس کے لئے اُنھیں جیل بھی جانا پڑا۔