کوئلہ مافیا بے نقاب، آٹھ افراد گرفتار

   

معیاری کوئلہ میں ناقص کوئلہ کی ملاوٹ کا شاخسانہ
حیدرآباد۔ رچہ کنڈہ پولیس نے کول (کوئلہ ) مافیا کو بے نقاب کرتے ہوئے 8 افراد کو گرفتار کرلیا جو معیاری کوئلہ میں ناقص کوئلہ کی ملاوٹ کرتے ہوئے زائد قیمتوں پر کوئلہ فروخت کررہے تھے۔ اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر زون اور ابراہیم پٹنم پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اس کول مافیا ریاکٹ کو بے نقاب کیا۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش بھگوت نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ بیرونی ممالک سے درآمد معیاری کوئلہ کو یہ ٹولی کرشنا پٹنم پورٹ سے حاصل کرنے کے بعد ابراہیم پٹنم میں ایک ڈمپ یارڈقائم کیا اور پورٹ سے کوئلہ کو سیدھا ابراہیم پٹنم منتقل کیا تھا ۔ ٹولی کے گرفتار افراد معیاری کوئلہ میں ناقص کوئلہ ملا کر فروخت کررہے تھے۔ پولیس نے کاروائی میں 38 سالہ گنڈے راجو ساکن ہستنا پورم ،33 سالہ کتراوٹ ساکن ناگر کرنول، 27 سالہ کے ملیش ساکن نلہ کنڈلہ پلی، 33 سالہ سی امریندر ریڈی ساکن ہستنا پورم، 25 سالہ نظام الدین راجستھان، 25 سالہ ایس ستیم ساکن چٹیال، 20 سالہ رضوان ساکن ہریانہ کو گرفتار کرلیاجبکہ 38 سالکہ لکشمن ساکن ناگر کرنول ، امیر محمد،36 سالہ پرشوتم ریڈی ، کوناکر ریڈی اور رام ریڈی مفرور بتائے گئے ہیں۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 2 لاکھ 50 ہزار روپئے نقد رقم 450 ٹن سنگارینی کا کوئلہ، 300 ٹن کرشنا پٹنم شپ یارڈ کا کوئلہ، 600 ٹن کتہ گوڑم کا کوئلہ جملہ 1050 ٹن کوئلہ(700) ٹن ، دو لاریاں، دو جے سی بی جملہ مالیت ایک کروڑ 62 لاکھ 50 ہزار مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا۔ سال 2018 میں ابراہیم پٹنم پولیس نے گرفتار ٹولی کے تین افراد کو گرفتار کیا تھا جبکہ ان کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور دوبارہ یہ کاروبار کررہے تھے۔ رچہ کنڈہ پولیس مزید تحقیقات کررہی ہے۔