کورونا اموات کی تجہیز و تکفین کے لیے این او سی کی ضرورت نہیں : انجنی کمار

   

حیدرآباد۔3مئی(سیاست نیوز) کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تجہیز و تکفین کیلئے کسی قسم کے کوئی این او سی یا دیگر دستاویزات کی ضرورت نہیں ہے ۔ کمشنر آف پولیس مسٹر انجنی کمار نے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں پولیس عہدیداروں کی جانب این او سی اور دواخانوں کی جانب سے پولیس کو مطلع کئے جانے کے بعد پولیس کے پہنچنے کی شکایات کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ محکمہ پولیس کی جانب سے کوئی این او سی طلب نہیں کیاجائے گا اور اس سلسلہ میں تمام ماتحت عہدیداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ وباء کے اس دور میں اس طرح کے کسی دستاویزات کی طلبی کے ذریعہ عوام کو پریشا ن نہ کریں اور نہ ہی این او سی کی اجرائی اور این او سی طلب کی جائے۔ کمشنر حیدرآباد سٹی پولیس مسٹر انجنی کمار نے واضح کیا کہ دونوں شہروں میں دواخانوں کو سیکیوریٹی کی فراہمی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے علاوہ شہر میں امن وامان کی برقراری کے لئے بھی عہدیداروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے اور عہدیداروں اس بات کی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ عوام کو ہراساں نہ کریں۔ شہر کے مختلف دواخانوں سے کورونا وائرس کے مریض کی موت کے ساتھ ہی متعلقہ پولیس اسٹیشن کو واقف کروایا جانے لگا ہے اوراس اطلاع کے موصول ہوتے ہی پولیس اہلکار دواخانہ پہنچ کر متوفی کے رشتہ داروں سے این او سی طلب کرنے لگے ہیں اور ان سے کہا جا رہاہے کہ سیدھے قبرستان لے جانے کے اقدامات کئے جائیں اس طرح شکایات موصول ہونے کے بعد کمشنر انجنی کمار نے کہا کہ حیدرآباد کمشنریٹ کے حدود میں کسی بھی متوفی کے لئے این او سی کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔