کورونا : سعودی نے کرفیو کی مدت میں توسیع کر دی

   

ریاض 3 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی فرمانرواشاہ سلمان نے خانگی سیکٹر سے وابستہ 1.2 ملین سعودی شہریوں کی مالی مدد کے لیے نو بلین ریال کے اجراء کا اعلان کر دیا ہے۔ اس رقوم سے ان افراد کی مدد کی جائے گی، جن کی ملازمتوں پر کورونا وائرس کے بحران کی وجہ سے فرق پڑا۔ دریں اثناء وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ریاض حکومت نے اپنے ہاں نافذ کرفیو کی مدت میں توسیع کر دی ہے۔ آج جمعہ سے طائف ، القطیف اور دمام میں کرفیو کا دورانیہ بڑھا دیا گیا اور اب کرفیو سہ پہر تین بجے تک نافذ رہے گا۔ قبل ازیں مکہ اور مدینہ میں کرفیو کا دورانیہ بڑھا کر مکمل چوبیس گھنٹے کر دیا گیا تھا۔ ریاض و جدہ میں بھی مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ سعودی عرب میں اب تک قریب دو ہزار افراد کووڈ انیس کے مرض میں مبتلا ہیں جبکہ اکیس افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ یہ خلیجی تعاون کونسل کے رکن چھ ملکوں میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔