کورونا ٹیکہ اندازی کے لئے تمام تیاریاں مکمل

   

16جنوری کو پہلا ٹیکہ صفائی کرمچاری کو دیا جائے گا: وزیر صحت ایٹالہ راجندر
حیدرآباد۔ ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے کہا کہ تلنگانہ میں 16 جنوری سے کورونا ٹیکہ اندازی مہم کا آغاز ہوگا اور پہلا ٹیکہ صفائی کرمچاری کو دیا جائے گا۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین دینے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور ریاست کو 20 ہزار کوویکسین ڈوز پہنچ چکے ہیں ۔ ریاست میں پہلے دن 139 سنٹرس کے ذریعہ کورونا کا ٹیکہ دیا جائے گا ، ہر سنٹر میں 30 افراد کو ٹیکہ دینے کا منصوبہ ہے۔ پہلے گورنمنٹ ہیلت کیر ورکرس بعد میں پرائیویٹ ہیلت کیر ورکرس کو ٹیکہ دیا جائے گا۔ دوسرے دن ہر سنٹر سے 50 افراد کو اس کے بعد 100 افراد کو اس طرح بتدریج تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ ایٹالہ راجندر نے بتایا کہ کورونا کا ٹیکہ لینے ابھی تک 3 لاکھ 30 ہزار ہیلت ورکرس نے اپنے ناموں کا اندراج کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکہ دینے کے بعد خالی ویکسین ویال واپس کرنا ہوگا۔ اضلاع کو ویکسین کی منتقلی کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ اِنسولیٹر گاڑیاں حیدرآباد میں اسکارٹ گاڑیوں کے ساتھ اضلاع کو روانہ ہورہی ہیں۔ ٹیکہ لینے والوں سے تحریری اجازت نامہ پر دستخط حاصل کرنے کے بعد ہی انہیں ٹیکہ دیا جائے گا۔ انہوں نے ویکسین کی تقسیم میں حصہ دار بن کر حکومت سے تعاون کرنے کی عوام سے اپیل کی ہے۔