کورونا کی نئی لہر کب سونامی بن جائے کسی کو پتہ نہیں!

,

   

عالمی وبا سے لڑنے حکومت کی تیاری ٹھیک نہیں۔ بڑھتے انفیکشن پر کانگریس کا ردعمل

نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ کورونا سے لڑنے کے سلسلے میں حکومت منصوبہ بند طریقے سے کام نہیں کر رہی ہے جس کی وجہ سے اسے کنٹرول کرنا مشکل ہوگیا ہے اور وبا کی یہ لہر ہماری لاپرواہی کی وجہ سے کب سونامی بن جائے گی اس کا کسی کو پتہ بھی نہیں چلے گا۔کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے چہارشنبہ کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ پچھلے سال جب کورونا پھیل رہا تھا تو حکومت تب بھی اسے روکنے میں ناکام ہی رہی اور یہ کہتے ہوئے بچنے کی کوشش کرتی رہی کہ پہلی بار بیماری آئی ہے اس لئے حالات سے نمٹنے میں دقت آرہی ہے لیکن اس بار جب ملک کورونا کی دوسری لہر کی زد میں ہے پھر غلطیاں دہرائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سائنس دانوں نے ہی کورونا کی ٹیکے کو ایجاد کیا ہے لیکن ٹیکہ اندازی میں ہم دیگر ملکوں سے بہت پیچھے چل رہے ہیں۔حکومت نے کورونا سے نمٹنے کی تیاری ٹھیک طرح سے نہیں کی اور ٹیکہ کاری میں لاپرواہی ہورہی ہے جس کی وجہ سے ٹیکے کی بربادی ہورہی ہے ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ویکسین کا چھ فیصد برباد ہورہا ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ حکومت نے یہ تجزیہ نہیں کیا کہ ٹیکوں کی کتنی ضرورت ہوگی۔ترجمان نے کہا کہ ہمارے یہاں ٹیکہ کاری کی تعداد دنیا کے دیگر کئی ملکوں کے مقابلے میں بہت کم ہے ۔ ٹیکہ کتنا چاہئے اور ہمیں کہاں کتنی ویکسین کی ضرورت ہے اس کا حساب کتاب حکومت کے پاس نہیں ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ہم ٹیکہ اندازی میں پچھڑے ہیں جبکہ برطانیہ میں لگ بھگ55فیصد،امریکہ میں تقریباً 50 فیصد،جرمنی میں 17 فیصد سے زیادہ اور برازیل میں دس فیصد سے زیادہ آبادی کی ٹیکہ کاری کی جا چکی ہے لیکن ہندوستان میں ابھی 5.2 فیصد آبادی کی ہی ٹیکہ اندازی کی جا سکی ہے ۔کھیڑا نے کہا کہ کانگریس اس لڑائی میں حکومت کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہے ۔ حکومت کو اس میں جو مدد چاہئے ان کی پارٹی اس میں اسے تعاون دینا چاہتی ہے لیکن حکومت کو اس کے لئے آگے آکر کورونا سے لڑنے کی خاطر جارحانہ حکمت عملی بنانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی ریلیاں ہورہی ہیں لیکن وہاں کورونا کی ہدایات پر عمل نہیں کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ خود حکومت کہتی ہے کہ ٹیکے کے سلسلے میں عوام میں خوف کا ماحول ہے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ ٹیکہ کاری کے سلسلے میں حکومت عوام کے سوالوں کا جواب نہیں دے پارہی ہے ،اس لئے لوگوں میں ڈر ہے ۔ حکومت یہ بھی نہیں بتا پارہی ہے کہ ٹیکے کا اثر کتنے وقت تک رہے گا۔ کئی لوگوں کو ٹیکہ لگانے کے بعد بھی کورونا انفیکشن ہورہا ہے حکومت کے پاس ان سب سوالوں کا جواب نہیں ہے۔
ترجمان نے کہا کہ انتخابی ریلیوں میں کورونا اصولوں پر عمل کیا جانا چاہئے اور ملک کے ہر شہری کو کورونا سے نمٹنے کے لئے طے شدہ اصولوں پر عمل کرنا چاہئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کانگریس پارٹی اس وبا سے نمٹنے کے لئے حکومت کے ہر قدم کے ساتھ کھڑی ہے لیکن اسے اصول کے مطابق منصوبہ بند طریقے سے اس بیماری کو ہرانے کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ کورونا کی لڑائی میں جب اشارے اچھے ہوتے ہیں تو حکومت کے رہنما آگے آتے ہیں اور جب وبا تیزی ہوتی ہے اور حالات قابو سے باہر ہونے لگتے ہیں تو افسروں کو آگے کردیتی ہے ۔انہوں نے صحت سکریٹری کے کل دئے گئے ایک بیان کو غیر حساس بتایا اور کہا کہ افسروں کو ذمہ داری کے ساتھ اور سبھی لوگوں کی دقتوں کو توجہ میں رکھتے ہوئے اپنی بات کرنی چاہئے ۔