کورونا کے دوسرے مرحلہ کو روکنے ٹسٹوں میں اضافہ کی ہدایت

   

ضلع حکام کو چوکس رہنے کا مشورہ، عوامی مقامات پر قواعدکی پابندی کی جائے

حیدرآباد: محکمہ صحت کے عہدیداروں نے تمام اضلاع کے نظم و نسق کو ہدایت دی ہے کہ وہ کورونا ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے دوسرے مرحلہ کے امکانی پھیلاؤ کو روکنے کی حکمت عملی تیار کریں۔ محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں نے ضلع عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں کہا گیا ہے کہ اگر کورونا کے سلسلہ میں چوکسی برقرار نہیں رکھی گئی تو صورتحال تشویشناک رخ اختیار کرسکتی ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ ہر ضلع میں کورونا ٹسٹنگ کی تعداد میں اضافہ کیا جائے کیونکہ ماہرین نے موسم سرما میں دوسرے مرحلہ کے آغاز کی پیش قیاسی کی ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ موسم سرما کا آغاز ہونے کو ہے اور ڈینگو ، ملیریا ، سوائن فلو اور دیگر وبائی امراض کو روکنے کیلئے اختیار کردہ احتیاطی تدابیر کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ وبائی امراض کی شرح میں 40 تا 50 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ وبائی امراض کے کیسس میں کمی کی بنیاد پر کورونا سے عدم توجہ نہیں ہونی چاہئے ۔ محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں نے کہا کہ کورونا کے آغاز سے جس طرح چوکسی اختیار کی گئی تھی ، اسی کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ۔ ضلع عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ کورونا گائیڈ لائینس کے سلسلہ میں عوام میں شعور بیداری کی مہم چلائیں۔ خاص طور پر عوامی مقامات پر ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلہ کو یقینی بنایا جائے۔ عہدیداروں کو اس بات پر تشویش ہے کہ تلنگانہ میں کورونا کے 70 فیصد کیسس بغیر کسی علامات کے پائے گئے ہیں۔ علامات منظر عام پر نہ آنے کی صورت میں کورونا دوسروں میں بآسانی پھیل سکتا ہے۔ حکومت نے ماہرین کے مشورہ کے مطابق ریاست بھر میں محکمہ جات ، صحت اور بلدی نظم و نسق کو چوکس کردیا ہے۔