کوہلی بطور کپتان پھر ناکام

   

نئی دہلی ۔ 11 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) بین الاقوامی کرکٹ میں سنچریوں کی برات لگانے والے ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کیلئے آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کا سفر شانداررہا لیکن وہ پاکستان کے خلاف چمپئن ٹرافی 2017 کے فائنل کی ہی طرح نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں بھی چوک گئے۔ اب تک نہ تو کوہلی کی کپتانی کا جادو آئی پی ایل میں چلا ہے اور نہ ہی کسی عالمی کرکٹ ٹورنمنٹ میں ان کا دم خم نظرآیا ہے۔ آئی پی ایل میں بھی کوہلی اب تک رائل چیلنجرس کو چمپئن نہیں بنا پائے ہیں اور اب ورلڈ کپ میں بھی ان پر لگا چوکرس کا لیبل ہٹنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ورلڈ کپ ٹورنمنٹ میں موجودہ دور میں دنیا کے سب سے بہترین کھلاڑیوں میں شمار کوہلی کیلئے بیٹسمین ہی نہیں کپتان کے طور پر بھی خود کو ثابت کرنے کا بڑا موقع تھا لیکن وہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میچ میں محض 1 رن بناکر آؤٹ ہو ئے۔ وہ ورلڈ کپ 2015 سیمی فائنل میچ میں بھی آسٹریلیا کے خلاف 1 رن بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔ 2017 میں کوہلی نے انگلینڈ میں کھیلے گئے منی ورلڈ کپ یعنی چمپئن ٹرافی میں ہندستان کو ٹورنمنٹ کے فائنل تک پہنچایا تھا۔ تب شائقین کو امید تھی کہ ہندستان کو چمپئن ٹرافی 2017 کا خطاب نہ دلوانے والے کوہلی اس مرتبہ ٹیم کو ورلڈ کپ جتوا دیں گے لیکن نیجہ اس کے برعکس ہوا۔ ان کا بیٹ بڑے میچ میں خاموش رہا اور ٹیم ورلڈکپ سے باہر ہوگئی۔