کویتا کی شکست سے عوام نے ٹی آر ایس کو سبق سکھایا

,

   

وزیر ریلویز پیوش گوئل کا ریمارک، تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی تردید
حیدرآباد ۔18۔ فروری (سیاست نیوز) وزیر ریلویز پیوش گوئل نے ٹی آر ایس پر سخت تنقید کی اور مرکز کے خلاف الزام تراشی کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی دختر کویتا کو شکست سے دوچار کرتے ہوئے عوام نے ٹی آر ایس کو سخت پیام دیا ہے ۔ بلدی انتخابات میں بی جے پی نے بہتر مظاہرہ کیا۔ تلنگانہ میں بی جے پی کی طاقت میں اضافہ ہورہا ہے۔ وزیر ریلویز نے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیوش گوئل نے مرکز کے خلاف کے ٹی آر کے بیان کا جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ معلومات کی کمی کے نتیجہ میں ریاستی وزیر کے ٹی آر مرکز کے خلاف من مانی تنقیدیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف اسمبلی میں قرار داد منظور کرنے کے سی آر کا اعلان افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت دستور کی توہین کر رہی ہے۔ پیوش گوئل نے کہا کہ کانگریس کے کپل سبل واضح کرچکے ہیں کہ پارلیمنٹ میں وضع کئے گئے قوانین کی ریاستیں مخالفت نہیں کرسکتیں۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ممالک نے مذہبی ہراسانی کے شکار افراد کو پناہ دینے میں کیا غلطی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اویسی کو خوش کرنے کیلئے کے سی آر مذہبی سیاستت پر عمل پیرا ہیں۔ سیاسی فائدہ کے لئے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا۔ پیوش گوئل نے کہا کہ اسد اویسی عوام کو خوف اور دہشت میں مبتلا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی جانب سے تلنگانہ کی ہر طرح مدد کی جارہی ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں میں تلنگانہ کی ترقی مرکز کے تعاون کا نتیجہ ہے۔ ریلوے بجٹ میں تلنگانہ کو 2602 کروڑ مختص کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ اروند ، سنجے اور باپو راؤ تلنگانہ کے لئے مرکز سے جو کچھ مانگ رہے ہیں ، وہ دیا جارہا ہے۔ تلنگانہ کی ترقی کیلئے بی جے پی ارکان مساعی کر رہے ہیں ۔ پیوش گوئل نے کہا کہ مرکز تلنگانہ کی ترقی کا پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کیلئے بی جے پی نے جدوجہد میں حصہ لیا تھا۔ انہوں نے جنوبی ہند کی ریاستوں کو مرکز کی جانب سے نظرانداز کرنے کی شکایت کو بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں ساؤتھ سنٹرل ریلوے کو نظرانداز کیا گیا ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے 258 کروڑ کے خرچ سے ریلوے لائینس کی ترقی کا کام انجام دیا ہے۔ ایم ایم ٹی ایس کے لئے 500 کروڑ مرکز نے منظور کئے ۔ 2008 ء میں شروع کئے گئے تمام کام مکمل کرلئے گئے ۔ تلنگانہ کا ایک بھی پراجکٹ مرکز میں زیر التواء نہیں ہے۔ مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد میں ٹریفک ایک اہم مسئلہ ہے۔ سکندرآباد ، نام پلی اور کاچیگوڑہ اسٹیشنوں سے ہزاروں مسافرین سفر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیرلہ پلی ریلوے اسٹیشن کے روبرو سیٹلائیٹ ٹرمنل کے قیام سے ٹریفک میں کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے ایم ایم ٹی ایس ٹرینوں کی تعداد میں اضافہ کے لئے وزیر ریلوے سے اپیل کی۔