کویت میں منی لانڈرنگ پر 11 کمپنیاں بند

   

کویت سٹی ۔ 13 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کویتی وزارت تجارت و صنعت نے انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنڈنگ کے قانون کی خلاف ورزی پر گیارہ کمپنیاں بند کردیں۔کویتی جریدہ السیاسہ کے مطابق وزارت تجارت نے اعلامیہ میں واضح کیا ’جن کمپنیو ں کو بند کیاگیا ہے ان میں زیورات اور رئیل اسٹیٹ کی کمپنیاں شامل ہیں‘۔ ان کمپنیوں نے کئی خلاف ورزیاں کی تھیں۔ منی لانڈرنگ کے انسداد سے متعلق قوانین و ضوابط کو نظرانداز کیا جا رہا تھا۔ دہشت گردی کی فنڈنگ کے انسداد کے قاعدے ضابطے بھی پامال کیے جارہے تھے۔ انسداد منی لانڈرنگ و دہشت گردی سے متعلق خصوصی کورس بھی کارکنان کو نہیں کرایا گیا تھا‘۔وزارت تجار ت کے مطابق جن کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے انہوں نے تین ہزار دینار سے زیادہ کی رقم میں نقد لین دین کیا تھا جو مقررہ قانون کے خلاف ہے۔
ان کمپنیوں نے ملکی قوانین اور پالیسیاں جاننے کی بھی کوئی کوشش نہیں کی۔ انہیں پابندی کرنی تھی۔وزارت تجارت نے واضح کیا ’ متعلقہ کمپنیوں کے یہاں خرید و فروخت اور سامان کا ریکارڈ بھی نہیں پایا گیا۔ معائنے سے پتہ چلا کہ کمپنیو ں کے کارکنان کو قوانین کا علم ہی نہیں تھا‘۔وزارت تجارت کا کہناہے کہ کئی کمپنیوں نے غلط گوشوارے پیش کیے اور نگرانی سے بچنے کے لیے متعلقہ دستاویزات چھپانے کی بھی کوشش کی۔وزارت تجارت نے انتباہ کیا’ آئندہ بھی تمام دکانوں کی تفتیش کا سلسلہ جاری رہے گا جو کمپنی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائی جائے گی اس کے خلاف کارروائی ہوگی‘۔