کے سی آر ‘ جگن موہن ریڈی سے سبق سیکھیں

   

کسی خاتون کو وزیر نا بنانا لاپرواہی کی مثال : وجئے شانتی کا ٹوئیٹ
حیدرآباد 11 جون ( این ایس ایس ) سینئر کانگریس لیڈر وجئے شانتی نے آج چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو سے سوال کیا کہ آیا وہ آندھرا پردیش میں ایک خاتون کو ڈپٹی چیف منسٹر بنائے جانے کے بعد کسی خاتون کو ریاستی کابینہ میں شامل کرینگے ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو چاہئے کہ وہ جگن کے نقش قدم پر چلیں جنہوں نے ایک خاتون کو ڈپٹی چیف منسٹر بناکر داخلہ کا قلمدان دیا ہے ۔اپنے ٹوئیٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے وجئے شانتی نے کہا کہ چیف منسٹر نے کسی بھی خاتون کو اپنی حکومت میںکابینہ میں شامل نہیں کیا ۔ پہلی معیاد بغیر خاتون وزیر کے ہی گذر گئی ہے اور چیف منسٹر نے دوسری معیاد میں بھی کسی خاتون کو وزارتی ذمہ داری نہیں سونپی گئی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ خاتون کو کابینہ میں شامل کرنے کے مسئلہ پر چیف منسٹر کی خاموشی خواتین سے ان کی لاپرواہی کو ظاہر کرتی ہے ۔ انہوں نے اداکار سے سیاستدان بننے والی وائی ایس آر کانگریس رکن اسمبلی روجا کا مسئلہ بھی اٹھایا اور سوال کیا کہ جگن موہن ریڈی نے کیوں روجا کو کابینہ میں جگہ نہیں دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کیلئے یہ بہتر ہوتا کہ وہ اداکار سے سیاستدان بننے والوں کی خدمات سے استفادہ کریں۔