کے سی آر کابینہ میں توسیع ، 10 نئے وزراء کی حلف برداری

,

   

کے ٹی راما راؤ اور ہریش راؤ کی عدم شمولیت ، 6 نئے چہروں کو کابینی ذمہ داری ، راج بھون کے سبزہ زار پر گورنر نے حلف دلایا
حیدرآباد ۔ /19 فبروری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں 66 دنوں کے انتظار کے بعد چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیرقیادت کابینہ کی توسیع عمل میں آئی ۔ راج بھون کے سبزہ زار پر آج کابینہ میں توسیع کے سلسلہ میں منعقدہ پراثر تقریب میں دونوں تلگو ریاستوں کے مشترکہ گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے جملہ دس وزراکو عہدے و رازادی کا حلف دلایا ۔ کابینہ میں توسیع سے متعلق کارروائی کا ٹھیک ساڑھے گیارہ بجے دن قومی ترانہ سے آغاز ہوا ۔ تقریب کے موقعہ پر شہ نشین پر گورنر کے ہمراہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ بھی موجود تھے ۔ چیف سکریٹری تلنگانہ ایس کے جوشی نے کارروائی چلائی ۔ گورنر مسٹر نرسمہن نے سب سے پہلے نرمل کے رکن اسمبلی مسٹر اے اندرا کرن ریڈی کو حلف دلایا ۔ بعد ازاں حیدرآباد کے حلقہ صنعت نگر رکن اسمبلی ٹی سرینواس یادو ، متحدہ ضلع نلگنڈہ کے حلقہ اسمبلی سوریہ پیٹ کے مسٹر جی جگدیش ریڈی ، متحدہ ضلع کریم نگر کے رکن اسمبلی ای راجندر متحدہ ضلع محبوب نگر کے حلقہ اسمبلی ونپرتی کے رکن اسمبلی ایس نرنجن ریڈی ، متحدہ ضلع کریم نگر کے رکن اسمبلی مسٹر کے ایشور ، متحدہ ضلع ورنگل کے رکن اسمبلی مسٹر ای دیاکر راؤ ، حلقہ محبوب نگر کے رکن اسمبلی مسٹر وی سرینواس گوڑ ، متحدہ ضلع نظام آباد کے رکن اسمبلی مسٹر وی پرشانت ریڈی اور حلقہ اسمبلی میڑچل کے رکن سی ملاریڈی کو عہدے و رازداری کا حلف دلایا ۔ وزرا کی حلف برداری تقریب 20 منٹ میں اختتام کو پہونچی ۔ تقریب میں مسرس کے ٹی راما راؤ ، کارگزار صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی ، وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی ، اسپیکر اسمبلی پی سرینواس ریڈی ، صدرنشین کونسل سوامی گوڑ ، سابق وزیر و رکن اسمبلی مسٹر ٹی ہریش راؤ سابق ڈپٹی چیف منسٹر کے سری ہری ، صدرنشین وقف بورڈ مسٹر محمد سلیم ، ارکان کونسل محمد فریدالدین ، محمد فاروق حسین ، سید امین الحسن جعفری ، ارکان پارلیمان ، ارکان اسمبلی و کونسل مشیر حکومت اے کے گوئیل صدورنشین کارپوریشن ، بشمول صدرنشین اقلیتی کمیشن مسٹر محمد قمر الدین ‘ نئے وزراء کے ارکان خاندان ، ڈائرکٹر جنرل پولیس مسٹر مہندر ریڈی کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی شریک تھے ۔ تقریب حلف برداری کے فوری بعد گورنر اور چیف منسٹر کے ساتھ نئے وزراء کی گروپ فوٹو لی گئی ۔ تقریب میں کانگریس کے کوئی ارکان و قائدین موجود نہیں تھے ۔

جبکہ تقریب حلف برداری کا اختتام ہونے کے ساتھ ہریش راؤ راج بھون سے روانہ ہوگئے ۔ تاہم اخباری نمائندوں نے راج بھون کے باب الداخلہ پر انہیں روک لیا اور کابینہ میں توسیع پر ردعمل کا اظہار کرنے کی خواہش کی ۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ہریش راؤ نے ان کے تعلق سے شائع ہونے والی متعدد خبروں پر آج پہلی مرتبہ اپنے ردعمل کا اظہار کیا ۔ حقیقی طور پر وہ مایوس دکھائی دے رہے تھے ۔ لیکن میڈیا کے روبرو مایوسی کا اظہار کرنے سے گریز کرتے ہوئے ہریش راؤ نے بتایا کہ وہ آج نہیں بلکہ انتخابات سے قبل ہی متعدد مرتبہ اس بات کا اظہار کرچکے ہیں کہ وہ پارٹی کے ایک پابند ڈسپلن ورکر ہیں اور ٹی آر ایس بالخصوص چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ جو بھی حکم دیں گے اس پر عمل پیرا ہوتے ہوئے حکم کی تعمیل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کے چندر شیکھر راؤ نے مختلف علاقوں ، سماجی طبقات وغیرہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے کابینہ کی توسیع کرکے نئے وزراء کو شامل کیا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ انہیں جو بھی ذمہ داری سونپیں گے اس کو بخوبی پورا کریں گے ۔ میڈیا کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان میں کابینہ میں شامل نہ کئے جانے پر کوئی ناراضگی نہیں ہے اور سوشیل میڈیا میں ان کے تعلق سے کی جانے والی مختلف پیش قیاسیوں کی سخت مذمت کی اور نئے وزراء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور عوامی توقعات کے مطابق اپنی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کی نیک نامی کو یقینی بنانے کا مشورہ دیا ۔