کے سی آر کی قومی سیاسی پارٹی کا دسہرہ 5 اکتوبر کو اعلان ہوگا

,

   

نجومیوں نے مہورت طئے کیا، علاقائی جماعتوں سے مشاورت، آئندہ الیکشن میں کے ٹی آر چیف منسٹر امیدوار ہوسکتے ہیں
حیدرآباد ۔29 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے نئی قومی پارٹی کے قیام کا مہورت طئے کرلیا اور پارٹی کے اعلان سے قبل وہ یادادری مندر کے درشن کریں گے۔ چیف منسٹر جو گزشتہ ایک ہفتہ سے قومی سیاسی پارٹی کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، علاقائی جماعتوں کے قائدین سے فون پر بات کی اور پارٹی کے نام اور ایجنڈہ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے نجومیوں و پنڈتوں سے مشورہ کے بعد قومی پارٹی کے اعلان کیلئے 5 اکتوبر دسہرہ کا دن اور دوپہر 1 بجکر 19 منٹ کا مہورت طئے کیا گیا۔ اس دن ٹی آر ایس مقننہ پارٹی کا اجلاس طلب کیا جائیگا جس میں ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی کی رائے حاصل کرکے پارٹی کا اعلان ہوگا۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کے مطابق 30 ستمبر کو چیف منسٹر یادادری میں لکشمی نرسمہا سوامی مندر میں خصوصی پوجا میں حصہ لیں گے ۔ تلنگانہ کی تشکیل اور ٹی آر ایس حکومت کے قیام کے بعد کے سی آر نے یادادری مندر کو تروپتی کے طرز پر ترقی دینے کا منصوبہ بنایا تھا اور مندر کے ڈیولپمنٹ پراجکٹ پر 1500 کروڑ سے زائد رقم خرچ کی گئی۔ مختلف شعبوں سے مشاورت کے دوران قومی پارٹی کیلئے چار نام پیش کئے گئے جن میں بھارتیہ راشٹریہ سمیتی (BRS) پر اتفاق ہوا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دسہرہ سے قبل چیف منسٹر سدی پیٹ وینکٹیشور سوامی مندر کے درشن کرکے خصوصی پوجا کریں گے۔ اسی دوران قومی پارٹی کی توسیع کیلئے کے سی آر نے قریبی اور بااعتماد قائدین کے ناموں کو قطعیت دی ہے ۔ مختلف اضلاع سے سرگرم قائدین کو حیدرآباد طلب کرلیا گیا اور وہ گزشتہ دو دن سے حیدرآباد میں مقیم ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ نئی دہلی ، گجرات ، مدھیہ پردیش اور راجستھان انچارجس کے طورپر پارٹی قائدین کے ناموں کا اعلان کیا جائیگا۔ پارٹی کے باقاعدہ آغاز کے موقع پر چیف منسٹر بڑے جلسہ عام کی تیاری کر رہے ہیں۔ قومی سیاست میں چیف منسٹر کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے پارٹی حلقوں میں قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کے ٹی آر چیف منسٹر عہدہ کے امیدوار ہونگے ۔ پارٹی کی کامیابی کی صورت میں کے ٹی آر کو چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز کرکے کے سی آر لوک سبھا انتخابات کی مہم کیلئے ملک بھر کا دورہ کریں گے ۔ر