گجرات میں رام مندر چندہ ریالی کے دوران جھڑپ

,

   

ایک ہلاک ، کئی زخمی ، 40 گرفتار ، وی ایچ پی کارکنوں کیخلاف مقدمہ

احمدآباد:رام مندر تعمیر کیلئے گجرات کے کچ میں وی ایچ پی کارکنان نے ریالی نکالی اور اس دوران متنازعہ نعرہ بازی کی جب یہ ریالی ایک مسجد کے قریب سے گذر رہی تھی ، اس وقت اشتعال انگیزی کی گئی۔ جس کے نتیجہ میں دوسرے طبقے کے افراد برہم ہوگئے اور اس دوران سنگباری کے علاوہ آتش زنی کے واقعات پیش آئے اور پرتشدد حملے بھی کئے گئے۔ اس جھڑپ میں ایک شخص ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ ایک زخمی کی جانب سے ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ ان واقعات کے سلسلے میں 40 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔ مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے جن میں ایودھیا میں رام مندر تعمیر کے لیے پیسہ اکٹھا کرنے کی آڑ میں خود کے فائدے کیلئے دوسروں کو نقصان پہنچانے اور فساد کرانے سے متعلق دفعات بھی شامل ہیں ۔ کلکٹر کے ذریعہ جاری نوٹیفکیشن کی خلاف ورزی کا معاملہ بھی وی ایچ پی کارکنان کے خلاف درج کیا گیا ہے۔تشدد کے واقعات کے بعد دونوں ہی طبقات کے لوگوں نے عوام سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ ریاست میں برسراقتدار بی جے پی اور کانگریس کی جانب سے بھی مقامی لوگوں کو امن و امان میں خلل پیدا نہ کرنے کی گزارش کی گئی ہے۔