گرمیت رام رحیم سنگھ و دیگر کو عمر قید کی سزا

,

   

منیجر ڈیرا سچاسودا کے قتل کے 19 سال بعد خصوصی سی بی آئی عدالت کا فیصلہ

پنچکولہ: ہریانہ میں پنچکولہ کی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی خصوصی عدالت نے سرسہ میں واقع ڈیرا سچا سودا کی انتظامی کمیٹی کے رکن رنجیت سنگھ کے قتل کے تقریباً 19برس پرانے معاملہ میں ڈیرا پرمکھ گرمیت رام رحیم سنگھ سمیت پانچ قصورواروں کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ سی بی آئی کے خصوصی جج ڈاکٹر سشیل گرگ نے قید کی سزا کے ساتھ ڈیرا پرمکھ کو 31لاکھ روپے اور چار دیگر قصورواروں کو پچاس پچاس ہزار روپے جرمانہ بھی سنایا۔ 31 لاکھ روپئے جرمانہ کی نصف رقم مقتول کی فیملی کو بطور معاوضہ دی جائے گی۔ عدالت میں ڈرا پرمکھ کو ویڈیو کانفرنسنگ سے جبکہ چار دیگر قصورواروں کرشن کمار، اوتار سنگھ، جسوبیر سنگھ اور سبدل کو بنفس نفیس پیش کیا گیا۔اس دوران کورٹ کاکمپلکس اور باہر اور شہر کے دیگر حساس علاقوں میں امتناعی احکام نافذ کرنے کے ساتھ ہی سخت حفاظتی انتظامات کے تحت پولیس اور دیگر سلامتی دستے تعینات کئے گئے تھے ۔اس سے پہلے اسی عدالت نے پانچوں کو گزشتہ 8 اکتوبر کو اس معاملے میں قصوروار قرار دیتے ہوئے سزا سنانے کے لئے 12اکتور کی تاریخ مقرر کی تھی لیکن اس دن ڈیرا پرمکھ کی طرف سے ان کے اور ڈیرا کی طرف سے کئے جارہے سماجی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے ایک عرضی داخل کرکے سزامیں رحم کی اپیل کی تھی۔ اس عدالت نے اس پر دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد سزا پر فیصلہ 18اکتوبر تک ملتوی کردیا تھا۔ اس معاملہ میں ایک دیگر ملزم اندرسین کی موت ہوچکی ہے ۔