گریٹر حیدرآباد میں 100 کے منجملہ صرف 46 مراکز پر ٹیکہ اندازی

   

ہفتہ میں صرف 5 دن ٹیکے دیئے جارہے ہیں جس سے ٹیکہ مراکز پر عوام کا ہجوم

حیدرآباد ۔ 4 اگست (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں ایک کے بعد ایک کورونا ویکسین مراکز بند ہو رہے ہیں۔ شہر کے پرائمری ہیلت سنٹرس میں فی الحال ٹیکہ اندازی کی مہم روک دی گئی ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں چند کمیونٹی ہالس، فنکشن ہالس، گورنمنٹ اسکولس اور ایریا ہاسپٹلس کے مراکز میں ہی کورونا کے ٹیکے دیئے جارہے ہیں۔ ابتداء میں 90 پرائمری ہیلت سنٹرس اور 10 ہاسپٹلس میں ٹیکے دیئے گئے جس سے عوام کو و یکسین لینے میں کافی سہولتیں حاصل ہوئیں۔ تاہم گزشتہ ایک ماہ سے اربن پرائمری ہیلت سنٹرس میں ٹیکہ دینے کے عمل کو کم کردیا گیا ہے جس سے عوام مشکلات سے دوچار ہیں۔ شہری حدود میں ماضی میں 100ٹیکہ اندازی کے مراکز تھے جس کو گھٹا کر اب 54 مراکز تک محدود کردیا گیا ہے۔ جی ایچ ایم سی کے حدود میں محکمہ صحت کی جانب سے چلائی جانے والی خصوصی مہم کے ٹیکہ مراکز کے علاوہ کنگ کوٹھی گورنمنٹ ہاسپٹل، نامپلی، ملک پیٹ ایریا ہاسپٹلس میں ویکسین دیئے جارہے ہیں۔ ماضی میں فیور ہاسپٹل میں بھی ٹیکے دیئے گئے جہاں اب بند کردیئے گئے۔ ٹیکہ مراکز کی نصف تعداد گھٹ جانے سے موجودہ مراکز پر عوام کے ہجوم میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔ ایک ایک مرکز پر 150 تا 200 افراد کو ویکسین دیئے جارہے ہیں۔ اس کے لئے بھی پہلے رجسٹریشن کرانا لازمی ہے اور ٹیکہ دینے کے معاملے میں محکمہ صحت کی جانب سے مراکز کو تاخیر سے اطلاعات دی جارہی ہیں جس سے لوگ ٹیکہ لینے کے لئے اربن پرائمری ہیلت سنٹرس کا روز چکر کاٹ رہے ہیں۔ کو ویکسین دستیاب نہیں ہو رہا ہے جس کی وجہ سے کو ویکسین کے پہلے ڈوز کو پوری طرح روک دیا گیا ہے۔ صرف دوسرا ڈوز لینے والوں کو ہی ٹیکہ دیا جارہا ہے۔ ہفتہ میں صرف 5 دن کورونا کے ٹیکے دیئے جارہے ہیں۔