گو فرسٹ کے مسافروں کی بڑھی پریشانی، ایئر لائنز نے 28 مئی تک فلائٹس رد کی

   

نئی دہلی:مالی بحران کا شکار گو فرسٹ نے 28 مئی 2023 تک پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ اس سے پہلے آپریشنل وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے 26 مئی تک فلائٹ آپریشن معطل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ ایئر لائنز نے امید ظاہر کی تھی کہ وہ جلد ہی بکنگ دوبارہ شروع کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔بتادیں کہ رضاکارانہ دیوالیہ کی کارروائی کا سامنا کرنے والی گو فرسٹ کی پروازیں 3 مئی سے بند ہیں۔ ایئر لائنز نے دیوالیہ ہونے کی اپنی درخواست میں کہا تھا کہ اسے بہت بڑے مالی بحران کا سامنا ہے۔ دیوالیہ ہونے کی درخواست کے بعد ڈی جی سی اے نے ایئر لائنز کو ایک وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرکے پوچھا تھا کہ فلائٹس چلانے میں ناکام ہونے کے بعد اس کا لائسنس منسوخ کیوں نہیں کیا جانا چاہئے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے گو فرسٹ سے اگلے احکامات تک مزید ہوائی ٹکٹوں کی فروخت کو فوری طور پر بند کرنے کیلئے بھی کہا تھا۔