گہلوٹ کانگریس صدر الیکشن کی دوڑ سے باہر!سونیا گاندھی سے ملاقات کے بعد فیصلہ

,

   

نامزدگی کا آج آخری دن‘ ششی تھرور اورڈگ وجئے سنگھ اہم امیدوار

نئی دہلی : کانگریس صدر کے الیکشن کیلئے جمعہ یعنی 30 ستمبر کو نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے۔ اس سے قبل ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے کہ اشوک گہلوت نے اس انتخاب میں قسمت آزمائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ راجستھان کے چیف منسٹر اشوک گہلوت نے واضح کر دیا ہے کہ وہ کانگریس صدر کے عہدہ کا انتخاب نہیں لڑیں گے۔ انھوں نے نئی دہلی میں کانگریس صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں نے ان کے ساتھ میٹنگ میں پوری بات رکھی۔میڈیا کے نمائندوںنے جب اشوک گہلوت سے یہ سوال کیا کہ کیا وہ وزیر اعلیٰ بنے رہیں گے؟ اس پر انھوں نے جواب دیا کہ ’’یہ فیصلہ میں نہیں، کانگریس صدر سونیا گاندھی لیں گی۔‘‘ اپنے ایک بیان میں اشوک گہلوت نے یہ بھی کہا کہ ’’گزشتہ دنوں کے واقعہ نے ہم سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ میں نے سونیا گاندھی سے راجستھان میں پیدا حالات کے لیے معافی مانگی ہے۔ میں نے گزشتہ 50 سال تک کانگریس کے لیے وفاداری کے ساتھ کام کیا، میں سونیا گاندھی کی کرم فرمائی کے سبب تیسری بار وزیر اعلیٰ بنا۔‘‘اس درمیان کانگریس کے سینئر لیڈر ڈگ وجے سنگھ نے پارٹی رکن پارلیمنٹ ششی تھرور سے ملاقات کی ہے۔ ششی تھرور نے اس ملاقات کے بعد کہا کہ ’’میں کانگریس صدر عہدہ کے لیے ان کی امیدواری کا استقبال کرتا ہوں۔ ہم دونوں اس بات پر متفق ہیں کہ ہمارے درمیان ایک دوستانہ مقابلہ رہے۔ ہم بس اتنا چاہتے ہیں کہ جو جیتے گا، کانگریس جیتے گی۔‘‘ دراصل ششی تھرور نے بہت پہلے ہی کانگریس صدر عہدہ کے لیے انتخاب لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ 30 ستمبر کی صبح وہ نامزدگی کا پرچہ داخل کریں گے۔ اب جب کہ ششی تھرور نے ان سے دوستانہ مقابلہ کی بات کہی ہے، تو قوی امید ہے 30 ستمبر کو ڈگ وجے سنگھ بھی اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔اشوک گہلوٹ کے بعد سچن پائیلٹ نے بھی صدر کانگریس سونیا گاندھی سے ملاقات کی اور راجستھان کے حالات سے واقف کروایا ۔