ہم اپنے من کی بات کرنا نہیں چاہتے ‘ عوام کے من کی بات سننا چاہتے ہیں

,

   

کانگریس کو اقتدار پر آندھرا پردیش کو خصوصی موقف دیا جائیگا ۔ دوبئی میں راہول گاندھی کا ہندوستانی برادری کے ارکان سے خطاب

دوبئی 11 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس صدر راہول گاندھی نے آج یو اے ای میں ہندوستانی ورکرس سے کہا کہ وہ اپنے من کی بات کہنے کی بجائے ان ( ورکرس ) کے مسائل کی سماعت کرنا چاہتے ہیں۔ راہول گاندھی اپنے اولین دورہ پر متحدہ عرب امارات گئے ہیں۔ ان کا دوبئی ائرپورٹ پر ہندوستانی برادری نے انتہائی پرتپاک استقبال کیا ۔ انہوں نے ہندوستانی ورکرس کی ستائش کی اور کہا کہ ہندوستانیوں نے یو اے ای میں جو کام کئے ہیں ان پر ملک کو فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان ورکرس نے ہر مذہب کا نام روشن کیا ہے ۔ ہر ریاست کا نام روشن کیا ہے اور ہر ذات پات کو اجاگر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی بیرونی ممالک میں ورکرس کو درپیش مسائل سے واقفیت رکھتی ہے اور وہ چاہتی ہے کہ ان کی مدد کی جائے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ ان ورکرس سے بات چیت کرکے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کریں۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ’’ میں یہاں اپنے من کی بات کرنے نہیں آیا ہوں ۔ میں یہاں آپ کے من کی بات سننے آیا ہوں ‘‘ ۔ وہ جبل علی لیبر کالونی میں ورکرس سے خطاب کر رہے تھے ۔ ان کا حوالہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ماہانہ من کی بات ریڈیو پروگرام کی سمت تھا ۔ انہوں نے تلگو اور خاص طور پر آندھرا پردیش کے تارکین وطن سے خطاب میں کہا کہ ان کی پارٹی کو آئندہ عام انتخابات میں اقتدار حاصل ہوجاتا ہے تو وہ آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہماری پارٹی کی حکومت بنتی ہے تو ہم آندھرا پردیش کو خصوصی موقف دینگے ۔ آندھرا پردیش کی 2 جون 2014 کو تقسیم عمل میں لائی گئی تھی اور تلنگانہ ریاست تشکیل دی گئی تھی ۔ راہول گاندھی نے ان ورکرس سے کہا کہ انہوں نے ہندوستان کی ‘ ہندوستانی ریاستوں اور غریب عوام کی مدد کی ہے اور شہر دوبئی کی تعمیر میں بھی ہندوستانیو ںکا اہم رول رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وہ ہندوستانی ورکرس کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کی ترقی کی ستائش کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ یہاں بہت بھاری ترقی ہوئی ہے ۔ بلند و بالا عمارتیں ہیں ‘ بڑے ائرپورٹس ہیں ‘ میٹرو ہے ۔ یہ ہندوستانیوں کے رول کے بغیر ممکن نہیں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانیوں نے اس شہر کی ترقی اور تعمیر کیلئے اپنا خون پسینہ اور وقت دیا ہے اور تمام ہندوستانیوں کو ان پر فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ آندھرا پردیش کو خصوصی موقف دینے کے معاملہ میں واضح موقف رکھتے ہیں۔ دہلی میں جنتر منتر پر احتجاج کرنے والے کانگریسی کارکنوں سے خطاب میں بھی انہوں نے واضح کردیا تھا کہ اگر مرکز میں کانگریس پارٹی کو اقتدار حاصل ہوتا ہے تو آندھرا پردیش کو خصوصی موقف دیا جائیگا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اس بات کا بھی یقین ہے کہ اگر سب متحد ہوجائیں اور مل کر کوشش کریں تو وزیر اعظم مودی کو یہ ترغیب دی جاسکتی ہے کہ وہ آندھرا پردیش کے ساتھ انصاف کریں اور ریاست کو جو تیقن دیا گیا تھا اس کو پورا کیا جائے ۔ قبل ازیں ائرپورٹ آمد پر راہو ل گاندھی کا ہندوستانی برادری کے ارکان نے پرجوش استقبال کیا اور نعرے بھی لگائے ۔ راہول گاندھی یو اے ای کے اپنے دورہ میں اماراتی وزرا اور قائدین سے ملاقاتیں کرنے والے ہیں۔