ہندوستانی تارکین وطن کے مسائل: سعودی عرب سے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا عزم : ڈاکٹر اوصاف سعید کا انٹرویو

   

حیدرآباد 14 مارچ ( یو این آئی) سعودی عرب میں ہندوستانی سفیر کی حیثیت سے تقرر پانے والے اوصاف سعید نے کہا ہے کہ ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان صدیوں سے خوشگوار دوستانہ تجارتی اور ثقافتی تعلقات رہے ہیں۔ دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں جیسے تیل اور گیس ، تجارت و اقتصادیات انوسمنٹ، سیکوریٹی اور دفاعی تعاون میں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور بین الاقوامی دہشت گردی کے جنون کا مشترکہ طور پر مقابلہ کرنے کا تہیہ کررکھا ہے کیوں کہ اس سے عالم عرب کو خطرہ ہے ۔ سعودی عرب ہندوستان کیلئے توانائی کی فراہمی کا ایک اہم وسیلہ ہے ۔ ہم سعودی عرب سے اپنی ضروریات کا 20فیصدخام تیل یہاں سے درآمد کرتے ہیں۔ ہندوستان امریکہ اور چین کے بعد خام تیل کا تیسرا سب بڑا صارف ہے ۔سعودی عرب چین’ امریکہ اور متحدہ عرب امارات کے بعد ہندوستان کا چوتھا سب سے اہم تجارتی پارٹنر ہے ۔ دونوں کے درمیان 27.48بلین ڈالرس کی باہمی تجارت ہوتی ہے ۔ 420ہندوستانی کمپنیاں ہیں۔ مملکت سعودی عرب میں جوائنٹ وینچرس یا صد فیصد مالکانہ حقوق کے ساتھ قائم ہیں۔حال ہی میں سعودی عرب نے ہندوستان میں 100بلین ڈالرس انرجی، رفائننگ، پیٹرو کیمیکلس، انفراسٹرکچر، اگریکلچر، منرلس اینڈ مائننگ مینوفیچرنگ، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کے فیصلہ کا اعلان کیا ہے ۔اس میں سعودی آرامکو کی جانب سے ہندوستان کے ان مغربی ساحلی علاقہ میں دنیا کی سب سے بڑی آئل ریفائنری اور پیٹرو کیمیکلس کے قیام میں مجوزہ سرمایہ کاری ہے ۔