ہندوستان غیر دوراندیش اقدامات کی وجہ سے نیا بحران پیدا ہورہا ہے: عمران خان

,

   

جنیوا: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ کشمیر میں مظالم اور ہندوستان کے نئے شہریت قانون کے سبب لاکھوں مسلمان ہندوستان سے خارج ہوسکتے ہیں جس سے پناہ گزینوں کا ایک نیا بحران پیدا ہوگاجو دنیا کے دوسرے بحرانوں کو پیچھے چھوڑ دے گا۔ عمران خان جنیوا میں پناہ گزینوں کے عالمی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اندیشہ ہے کہ ہنددوستان میں نہ صرف پناہ گزینو ں کا بحران ہوسکتا ہے بلکہ اس سے دو نیوکلئیر اسلحہ سے لیس ممالک کے درمیان جنگ ہونے کا بھی خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک پاکستان مزید پناہ گزینوں کو قبول کرنے کا متحمل نہیں ہے۔ انہو ں نے کہا کہ ہندوستان غیر دوراندیش اقدامات کی وجہ سے نیا بحران پیدا ہورہا ہے جس کا دنیا کونوٹس لینا ہوگا۔

عمران خا نے اپنے خطاب میں ہندوستان کی جانب سے بنائے گئے نئے قانون پر بھی روشنی ڈالی او رکہا کہ ہندوستان میں پاکستان، بنگلہ دیش او رافغانستان میں بسنے والے اقلیتوں کے لئے قانون بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسام میں مسلمانوں سمیت بیس لاکھ افراد کو اپنی شہریت ثابت کرنی کے لئے کہا جارہا ہے، دنیا کو اس معاملہ پر نظر رکھنا چاہئے۔ انہوں نے سوال کیا کہ شہریت ثابت نہ کرسکنے والے مسلمان کہاں جائیں گے؟ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں جو شہریت ثابت نہیں کرسکا اسے شہریت سے محروم کردیا جائے گا اور پاکستان مزید پناہ گزینوں کو قبول کرنے کا متحمل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ پناہ گزین آئے اور وہ اب بھی لاکھوں پناہ گزینوں کوسنبھالے ہوئے ہے۔