ہندوستان میں عام انتخابات سے قبل چینی صدر کے دورہ کی تجویز نہیں

,

   

فروری میں ژی کے دورہ اور مودی کیساتھ چوٹی ملاقات کی اطلاعات کی تردید

بیجنگ۔ 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) انتہائی اعلیٰ ذرائع نے کہا ہے کہ چین کے صدر ژی جن پنگ کے آئندہ دو ماہ کے دوران وزیراعظم نریندر مودی سے دوسری غیررسمی چوٹی ملاقات کیلئے ہندوستان کا دورہ کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے جس کی جاپانی میڈیا میں پیش قیاسی کی گئی تھی۔ جاپانی اشاعتی ادارہ نکئی ایشین ریویو نے ’’دورہ ہند کیلئے ژی کا منصوبہ، امریکہ کے ساتھ سفارتی شطرنج میں شدت‘‘ کے زیرعنوان کل ایک رپورٹ شائع کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ واشنگٹن بڑھتی ہوئی مخالفانہ تجارتی پالیسی اور جارحانہ ہند ۔ بحرالکاہل سفارت کاری‘ کا جواب دینے کیلئے ژی کا اوائل فروری میں ہندوستان کا دورہ کرنے کا منصوبہ ہے‘۔ اس رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ژی توقع ہے کہ سرحدی کشیدگی میں کمی کے اقدامات پر مودی کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔ علاوہ ازیں ہندوستانی زرعی پیداوار کی درآمدات میں توسیع، ترقی یافتہ ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تعاون کے فروغ کیلئے معاہدوں کی تجویز پیش کریں گے۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ’مئی میں ہونے والے عام انتخابات سے قبل ژی کے دورہ ہند کی امید ہے۔ ہندوستانی ذرائع نے کہا ہے کہ یہ دورہ فروری میں ہوسکتا ہے لیکن چینی ذرائع نے کہا ہے کہ یہ (دورہ) مارچ میں منعقد شدنی چینی قومی عوامی کانگریس کے بعد ہوگا لیکن چین کے انتہائی اعلیٰ ذرائع نے ان خبروں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پی ٹی آئی سے کہا کہ آئندہ دو ماہ کے دوران صدر ژی کے دورہ ہند کی کوئی تجویز نہیں ہے۔ اس کے بعد وہاں انتخابات منعقد ہونے والے ہیں جس کے پیش نظر توقع ہے کہ صدر ژی وہاں (ہند میں) انتخابات کے انعقاد اور نئی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد ہی دورہ کریں گے۔