ہندوستان میں کوروناوائرس کے 24 گھنٹے میں 500 نئے کیس

,

   

نئی دہلی ۔ /3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں کورونا وائرس کے 24 گھنٹے کے اندر 500 نئے مریضوں کی توثیق ہوئی ہے ۔ اب تک متاثرین کی تعداد 3000 سے تجاوز کرگئی ہے ۔ آنے والے 10 دن نہایت ہی نازک ہیں اور متاثرین کی تعداد 10 ہزار ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے اپنی کوششوں کو تیز کرتے ہوئے حکام نے آج اعلان کیا کہ ملک بھر میں کئی خصوصی ائیسولیشن وارڈس قائم کئے گئے ہیں اور تیر بہدف ٹسٹ بھی کروائے جارہے ہیں ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 8 ہزار نمونوں کے ٹسٹ کئے گئے ۔ مہاراشٹرا ، تلنگانہ اور دہلی میں مہلک وائرس سے متاثر ہونے والوں کے کئی نئے کیسوں کا انکشاف ہوا ہے ۔ تبلیغی جماعت کے اجتماع کے بعد دارالحکومت دہلی اور ملک کے دیگر حصوں میں پازیٹیو کیس بڑھتے جارہے ہیں ۔ وزارت صحت کے جوائنٹ سکریٹری لاوا اگروال نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے باعث متاثرین کی تعداد کم ہورہی ہے ۔ حکومت نے سماجی دوری کو برقرار رکھنے کی اپنی کوششوں کو سختی سے جاری رکھا ہے ۔ تبلیغی اجتماع سے مربوط 647 کیس کی اطلاع ملی ہے ۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے بھی کہا کہ کورونا وائرس پر تشویش کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ صورتحال قابو میں ہے ۔ یہ وائرس کمیونٹی کے اندر نہیں پھیل رہا ہے ۔ دہلی میں 386 مریضوں کی توثیق ہوئی ہے ۔ سب سے زیادہ مہاراشٹرا میں 490 اور ٹاملناڈو میں 441 افراد متاثر بتائے گئے ہیں ۔ ان کے بعد دیگر ریاستوں ، تلنگانہ ، آندھراپردیش ، گجرات اور ہماچل پردیش میں متاثرین کی تعداد بڑھ گئی ہے ۔ مہاراشٹرا میں 26 افراد فوت ہوچکے ہیں ۔ تلنگانہ میں مرنے والوں کی تعداد 11 ہوگئی ہے ۔ 21 روزہ ملک گیر لاک ڈاؤن کے 9 دن بعد اچھی خبر یہ مل رہی ہے کہ متاثرین کی تعداد میں زیادہ اضافہ نہیں ہوا ۔ /14 اپریل تک جاری رہنے والے لاک ڈاؤن سے متاثرین کی تعداد مزید کم ہوجائے گی ۔