ہندوستان میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد لاکھوں تک پہونچ سکتی ہے

,

   

علاج سے احتیاط بہتر ، ہجوم سے دور رہنے کا مشورہ ، کوتاہی کیخلاف ماہرین کا انتباہ

حیدرآباد۔24مارچ(سیاست نیوز) ہندستان میں جاریہ سال مئی 14 تک کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 97ہزارسے 13لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔ ماہرین کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میںا س بات کا دعوی کیا گیا ہے کہ اب تک ہندوستان میں کورونا وائرس کے پھیلنے کے اعداد و شمار کے علاوہ ملک کی ریاستوں کے موسم اور ان میں آنے والی تبدیلیوں اور ملک کی آبادی و گنجان آبادی والے علاقوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ رپورٹ تیار کی گئی ہے اور جس میں اس بات کا دعوی کیا گیا ہے کہ 14 مئی تک ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 97ہزار سے 13لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔ 3 امریکی یونیورسٹیوں کے 13ماہرین نے دنیا میں پھیل رہے کورونا وائرس کی رفتار اور متاثر ہونے والوں کی تعداد کے علاوہ موسموں اور موسمی تبدیلی کے ساتھ تبدیل ہورہے حالات کو نظر میں رکھتے ہوئے یہ رپورٹ تیار کی ہے جس میں اس بات کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ہندستان ایک کثیر آبادی والی مملکت ہونے کے سبب یہاں متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوتا چلا جائے گا اور اس کو روکنے کیلئے سماجی فاصلہ ہی واحد حل ہے۔ماہرین نے اس رپورٹ میں بتایا کہ موسم گرما کی شدت کے دوران اس وباء کے کم ہونے کے کوئی آثار دستیاب نہیں ہوئے ہیں لیکن عام طور پر رطوبت میں اضافہ کی صورت میں وبائی امراض تیزی سے پھیلنے لگتے ہیں اور اس مطالعہ کے دوران اس بات کا خصوصی خیال رکھا گیا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ اگر ہندستان میں کورونا وائرس کی رفتار موجودہ اعتبار سے ہی پھیلتی رہے گی تو ایسی صورت میں حالات انتہائی نازک ہوسکتے ہیں اسی لئے احتیاطی اقدامات پر سختی سے عمل آوری ناگزیر تصور کی جا رہی ہے۔ اس ٹیم میں شامل واحد ہندستانی محقق بھر مار مکھرجی نے دعوی کیا ہے کہ اگر ہندستان میں اس وباء کو پھیلنے سے نہ روکا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے رپورٹ میںیہ دعوی کیا ہے کہ ہندستان میں موجود دواخانوں اور ان میںموجود بستروں کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایک لاکھ افراد کیلئے ہندستان میں 0.7 بستر ہی موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کوئی بھی وباء یکلخت ختم نہیں ہوتی بلکہ ایک مرتبہ وباء کے خاتمہ کے بعد اس کا دوبارہ احیاء ہوتا ہے اور اس کے بعد وباء مکمل ختم ہوتی ہے۔اسی لئے اس وباء کے خاتمہ پر مطمئن ہوجانا بھی درست نہیں ہے۔ ہندستان میںممکنہ صورتحال کے متعلق انکشاف کرتے ہوئے رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ ہندستان میں اس وباء پر قابو پانے کیلئے چند ماہ درکار ہوسکتے ہیں اور اس دوران متاثرین کی تعداد 97ہزار 13لاکھ ہونے کا خدشہ ہے۔