ہندچین تصادم پر اپوزیشن کے احتجاج کے پیش نظر کچھ وقت کے لئے لوک سبھا کی کاروائی روک دی گئی

,

   

جب اسپیکر اوم برلا نے وقفہ سوالات کا عمل شروع کیا‘ اپوزیشن نے احتجاج شروع کردیا‘ جس کی وجہہ سے دوپہر12بجے تک ایوان کی کاروائی ملتوی کرنا پڑا


نئی دہلی۔ چہارشنبہ کے روز اپوزیشن پارٹیوں کے احتجاج کی وجہہ سے لوک سبھا کی کاروائی روکنا پڑا ہے‘ جو اروناچل پردیش میں سرحد پر ہند چین تصادم پر بحث کی مانگ کررہاتھا۔ جیسے ہی11بجے دن میں ایوان کی کاروائی شروع ہوئی‘مذکورہ اپوزیشن نے کانگریس کی قیادت میں اس معاملے پر بحث کی مانگ کی۔

جب اسپیکر اوم برلا نے وقفہ سوالات کا عمل شروع کیا‘ اپوزیشن نے احتجاج شروع کردیا‘ جس کی وجہہ سے دوپہر12بجے تک ایوان کی کاروائی ملتوی کرنا پڑا۔

اس سے قبل دن میں کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں نے پارلیمنٹ کے احاطہ میں مجسمہ گاندھی کے روبرو احتجاج کرتے ہوئے اروناچل پردیش میں چینی دستوں کے ساتھ تصادم پر حکومت سے ردعمل کی مانگ کی۔

انہوں نے نعرے بھی لگائے اور پوچھا کہ اس معاملے میں وزیراعظم خاموش کیوں ہیں اور پارلیمنٹ میں بیان کیوں نہیں دے رہے ہیں۔

کانگریس ایم پی ششی تھرور نے احتجا ج کے دوران میڈیا نمائندوں سے کہاکہ ”فوج پر تنقید کا سوال“ ہی نہیں ہوتا۔سوال ملک کی سیاسی قیادت سے ہے۔

وہ اپنا کام کیوں نہیں کررہے ہیں اور سیاسی طور پر قوم کے سامنے وہ جوابدہ کیوں نہیں ہوتے؟ہم وضاحت کے لئے فوج کو نہیں بلکہ سیاسی قیادت کو بلارہے ہیں۔