ہند۔پاک مذاکرات سے مسئلہ کشمیر کا حل ممکن

,

   

میں نے وزیراعظم مودی کو بات چیت کی پیشکش کی مگر کامیابی نہیں ملی: عمران خان

کولمبو : وزیراعظم پاکستان عمران خان نے آج کہا کہ کشمیر ہندوستان کے ساتھ واحد مسئلہ ہے اور یہ مذاکرات کے ذریعہ ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ کولمبو میں اپنے سری لنکائی ہم منصب مہندا راجہ پکسے کے ساتھ سری لنکا۔ پاکستان ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل کانفرنس کی مشترکہ صدارت کرتے ہوئے عمران نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہوں نے 2018ء میں وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد ہندوستان کو امن بات چیت کی پیشکش کی تھی لیکن کوئی پیشرفت نہ ہوسکی۔ اس ماہ کے اوائل ہندوستان نے کہا تھا کہ وہ پاکستان کے ساتھ معمول کے تعلقات کا خواہشمند ہے جو دہشت گردی، عداوت اور تشدد کے ماحول سے پاک ہوں۔ عمران نے بتایا کہ اقتدار سنبھالنے کے فوری بعد انہوں نے اپنے پڑوسی ملک ہندوستان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہوئے پہل کی اور وزیراعظم نریندر مودی کو مطمئن کرنے کی کوشش کی کہ برصغیر کیلئے یہی بہتر ہیکہ اپنے اختلافات کی یکسوئی بات چیت کے ذریعہ کرلی جائے۔ تاہم انہیں کامیابی نہیں ملی، پھر بھی میں پُرامید ہوں کہ دانشمندی بہرحال غالب ہوگی۔ برصغیر کیلئے آگے بڑھنے کا واحد راستہ غربت سے نمٹنا اور تجارتی تعلقات کو بہتر بنانا ہے۔ وزارت امورخارجہ کے ترجمان انوراگ سریواستو نے کہا کہ ہندوستان کا موقف سب پر ظاہر ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان روابط 2016ء میں پڑوسی ملک سے سرگرم دہشت گرد گروپوں کے پٹھان کوٹ ایرپورٹس اڈہ پر حملہ کے بعد کافی پستی میں چلے گئے۔ اس کے بعد مزید حملے پیش آئے جن میں اڑی میں انڈین آرمی کیمپ پر حملہ شامل ہے۔ ان کے نتیجہ میں باہمی رشتہ مزید بگڑ گیا۔ ہند۔ پاک تعلقات کو 26 فبروری 2019ء کے جیش محمد کے حملہ نے مزید زک پہنچائی۔ اس حملہ کے جواب میں ہندوستان نے پاکستان میں جیش محمد کے ٹریننگ کیمپ پر فضائی کارروائی کی تھی۔

برصغیر کو غربت سے نکالنے تجارتی تعلقات ضروری : عمران خان
کولمبو : وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ برصغیر کے عوام کو غربت سے نکالنے تجارتی تعلقات کا فروغ ضروری ہے۔یورپی یونین کی طرز پر ہمیں خطے میں تجارتی تعلقات استوار کرنا ہوں گے، مسائل کا حل جنگ کی بجائے مذاکرات میں ہے ۔ ان نے کہا کہ پاکستان، چین اور امریکہ کے درمیان بڑھتی خلیج میں ماضی کی طرح ایک بار پھر کردار ادا کر سکتا ہے، سری لنکا کی بزنس کمیونٹی کو سی پیک میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں۔انہوں نے کولمبو میں ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ میری سیاست کا محرک صرف غربت کا خاتمہ تھا جس کیلئے میں نے 25 سال جدو جہد کی اور میں نے سیاست میں حصہ اس لیے لیا کیونکہ میں سمجھتا تھا کہ غربت کے خاتمے کا بہترین طریقہ فلاحی ریاست ہے۔سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں پہلی ‘پاکستان۔سری لنکا تجارت و سرمایہ کاری کانفرنس’ کا انعقاد پاکستانی وزارت تجارت نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان، بورڈ آف انویسٹمنٹ پاکستان اور سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمیشن کے تعاون سے کیا گیا جس میں عمران خان اور سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجہ پکسے بھی شریک ہوئے۔