یمن میں آسمان سے پراسرار روشن پتھر وں کی بارش

,

   

صنعا۔یمن کے دارالحکومت صنعا کے مشرقی مضافات سمیت کئی صوبوں میں رات کے وقت نیلے رنگ کے روشن پتھر گرنے پر خوف وہراس پھیل گیا۔ میڈیا کے مطابق یمن میں سوشل میڈیا پر تصاویر شائع کی گئی ہیں۔ یمن کے مختلف صوبوں میں عجیب و غریب روشن پتھر زمین پر گرتے ہوئے نظر آئے جن سے پورا آسمان پراسرارانداز میں روشن ہوگیا۔ مقامی باشندے یہ منظر دیکھ کر خوف زدہ ہوگئے۔لوگوں نے کہا ہے کہ عجیب و غریب قسم کے یہ پتھر صنعا کے مضافات میں گرے اور ان کے گرنے سے زبردست دھماکہ ہوا۔ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ صارفین نے سوشل میڈیا پر تصاویر شائع کیں اور لکھا کہ یہ تصاویر یمن خصوصاً دارالحکومت صنعا پر آسمان سے گرنے والے روشن پتھروں کی ہیں۔یمن کے ماہر فلکیات محمد ایاش نے کہا کہ چند لمحوں کے لیے یمن کے شمال مغربی صوبوں میں بعض علاقوں میں آسمان چمکدار فاسفورس سے روشن ہوگیا۔ دراصل فضائی غلاف سے نکلنے والے بعض پتھروں کی وجہ سے آسمان روشن ہوگیا تھا۔ یاد رہے کہ اس قسم کا واقعہ یمن میں پہلی مرتبہ منظر عام پرآیا ہے تاہم اس عجیب و غریب واقعہ کے حوالے سے مزید تفصیلات نہیں ملی ہیں۔