یوم تاسیس تلنگانہ کی 21 روزہ تقاریب کیلئے 105 کروڑ کی منظوری

,

   

کلکٹرس کانفرنس کا انعقاد، حکومت کے کارناموں کی تشہیر، چیف منسٹر کے سی آر کا خطاب‘ تقاریب کے دوران مختلف نئی اسکیمات پر عمل آوری
حیدرآباد۔25۔مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے یوم تاسیس تلنگانہ کی 21 روزہ تقاریب کے شاندار انعقاد کیلئے 105 کروڑ روپئے اجرائی کا اعلان کیا۔ سکریٹریٹ میں آج کلکٹرس کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا جس میں وزراء کے علاوہ پولیس کمشنرس اور سپرنٹنڈنٹس پولیس نے شرکت کی۔ کلکٹر کانفرنس سے خطاب میںچیف منسٹر نے کہا کہ طویل جدوجہد اور قربانیوں کے بعد تلنگانہ حاصل ہوئی ہے اور گزشتہ 9 برسوں کے دوران ریاست نے ہر شعبہ میں غیر معمولی ترقی کی ہے۔ 6 دہوں پر مشتمل جدوجہد اور ریاست کی ترقی سے عوام کو واقف کرانے ریاست بھر میں یوم تاسیس تقاریب کا اہتمام کیا جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 21 روزہ تقاریب کیلئے 105 کروڑ روپئے جاری کئے جائینگے۔ چیف منسٹر نے 21 روزہ تقاریب کا جائزہ لیتے ہوئے ضلع کلکٹر کو ہدایت دی کہ سماج کے تمام طبقات کو شامل کرکے دیہاتوں کی سطح تک یوم تاسیس تقاریب تہوار کی شکل میں منائی جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 9 سالہ دور میں تلنگانہ نے ترقی کے ذریعہ ملک میں نمایاں مقام حاصل کیا ۔ کئی شعبہ جات میں تلنگانہ دیگر ریاستوں سے آگے ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 21 روزہ تقاریب کیلئے ریاستی اور ضلعی سطح کے پروگراموں کو قطعیت دی گئی ہے، لہذا ضلع کلکٹرس کو پروگراموں پر عمل آوری پر توجہ دینی ہوگی۔ چیف منسٹر نے صحت و صفائی کی برقراری کیلئے صفائی عملے کی خدمات کو سراہا اور یوم تاسیس تقاریب کے دوران صفائی عملہ کو ایوارڈس پیش کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے محکمہ فینانس کو یوم تاسیس کے اخراجات کیلئے 105 کروڑ کی فوری اجرائی کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 21 روزہ تقاریب 2 جون تا 22 جون جاری رہیں گی اور روزانہ حکومت کے ایک محکمہ کی کارکردگی و کارناموں سے عوام کو واقف کرایا جائیگا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اسمبلی حلقہ جات اور دیہاتوں کی سطح پر پروگراموں کے انعقاد کی ذمہ داری ضلع کلکٹرس کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 2 جون کو سکریٹریٹ میں قومی پرچم لہرایا جائے گا جبکہ اضلاع میں ضلع کلکٹرس پروگرام میں شرکت کرینگے۔ اجلاس میں وزراء ہریش راؤ ، اندرا کرن ریڈی ، سرینواس یادو ، جگدیش ریڈی ، نرنجن ریڈی ، کے ایشور ، ای دیاکر راؤ ، سرینواس گوڑ ، پرشانت ریڈی ، ملا ریڈی ، سبیتا اندرا ریڈی ، جی کملاکر ، ستیہ وتی راتھوڑ ، پی اجئے کمار کے علاوہ چیف سکریٹری شانتی کماری، حکومت کے مشیر اعلیٰ راجیو شرما ، چیف منسٹر کے مشیر اعلیٰ سومیش کمار ، ڈی جی پی انجنی کمار اور مختلف محکمہ جات کے پرنسپل سکریٹریز نے شرکت کی۔ تمام اضلاع کے کلکٹرس ، پولیس کمشنرس و ضلع ایس پی اجلاس میں شریک رہے۔ 4 گھنٹے جاری رہے اجلاس میں کلکٹرس کو 21 روزہ یوم تاسیس تقاریب کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط سے واقف کرایا گیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کی بہبودی اسکیمات کی مناسب تشہیر کی جائے۔ تقاریب کے دوران جنگلاتی اراضی کی قبائل میں تقسیم 24 تا 30 جون عمل میں آئیگی۔ بی سی اور ایم بی سی طبقات کے تحت مختلف پیشوں سے وابستہ افراد کی مالی امداد کی جائیگی۔ ہر اسمبلی حلقہ میں 3000 استفادہ کنندگان پر مشتمل گروہا لکشمی اسکیم کا آغاز ہوگا۔ اراضی رکھنے والے غریب افراد کو مکانات کی تعمیر کیلئے پہلے مرحلہ میں ایک لاکھ روپئے دئے جائیں گے جبکہ باقی دو مرحلوں میں دو لاکھ روپئے جاری ہونگے۔ ہر اسمبلی حلقہ میں 1100 مستحق خاندانوں میں دلت بندھو اسکیم پر عمل کیا جائے گا۔ر

مرکزی حکومت کی جانب سے قلعہ گولکنڈہ میں تلنگانہ یوم تاسیس تقاریب
مرکزی وزراء کی شرکت متوقع،
حیدرآباد۔25۔مئی (سیاست نیوز) جاریہ سال کے اواخر میں تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر مرکز کی بی جے پی حکومت نے یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کے بڑے پیمانہ پر انعقاد کا فیصلہ کیا ہے ۔ تلنگانہ حکومت نے 2 جون سے 21 روزہ یوم تاسیس تقاریب کا اعلان کیا جس کے جواب میں مرکزی حکومت کی جانب سے بھی 2 جون کو بڑے پیمانہ پر تقاریب کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مرکزی حکومت کی تقاریب کے تحت تاریخی قلعہ گولکنڈہ پر قومی پرچم لہرایا جائے گا اور نیم فوجی دستوں کی پریڈ کا اہتمام کیا جائے گا۔ شام میں کلچرل پروگرامس منعقد ہوں گے۔ یوم تاسیس تقاریب میں مرکزی وزراء کی شرکت متوقع ہے۔ اسی دوران مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے عوام اور بی جے پی کارکنوں سے اپیل کی کہ مرکزی حکومت کی یوم تاسیس تقاریب میں کثیر تعداد میں شرکت کریں۔ر