یوگی راج میں معمولی بات پر ہوئی فائرنگ 2 شخص ہلاک

,

   

یوگی آدتیہ ناتھ جب سے برسراقتدار آئے ہیں اس کے بعد سے اتر پردیش میں جرائم کے واقعات گھٹنے کے نام نہیں لے رہے ہیں بلکہ جرائم میں روز بروز اضافہ ہی ہو رہا ہے اور روزانہ جس طرح سے فائرنگ، غنڈہ گردی و عصمت دری کے واقعات کی خبریں منظر عام پر آ رہی ہیں، اس سے حالات بہتر ہوتے ہوئے بھی نظر نہیں آ رہے۔

تازہ معاملہ اترپردیش میں ضلع شاہ جہاں پور کے صدر بازار علاقے کا ہے جہاں معمولی بات پر ایک شخص نے بندوق سے فائرنگ کر دی جس سے دو راہگیروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔

پولس ذرائع نے ہفتہ کے روز اس واقعہ کی اطلاع دی اور بتایا کہ جمعہ کی رات تقریباً ساڑھے نو بجے صدر بازار میں تلک پارک محلہ كھرنی باغ رہائشی سونو گپتا، منوج گپتا اور انکر گپتا ایک ریسٹورنٹ مالک سے کسی بات پر بھیڑ گئے۔ اس معمولی کہا سنی کی وجہ سے معصوم و بے قصورلوگوں کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا۔

دراصل شراب کے نشے میں دھت سونو نے سنجیو کی ڈبل بیرل والی لائسنس شدہ بندوق سے فائرنگ کر دی۔اس واقعہ میں نمائش دیکھ کر لوٹ رہے راہگیر علاقہ کے جمال پور رہائشی 35 سالہ گیان دیو اور كھرنی باغ رہائشی 32 سالہ رضوان کی موت ہو گئی جبکہ شانو نامی شخص زخمی ہو گیا۔ زخمی نوجوان کو علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔

اس سلسلہ میں پولس نے ملزمان کے خلاف رپورٹ درج کر کےتین افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور بندوق برآمد کر لی گئی ہے۔ اس دوران صدر بازار تھانہ انچارج انسپکٹر كرن پال سنگھ نے بتایا کہ بندوق کا لائسنس سنجیو گپتا کے نام ہے اور وہ فرار ہے۔ پولس اسے گرفتار کرنے کے لیے تلاشی مہم شروع کر چکی ہے۔