آدتیہ ٹھاکرے کی پٹنہ میں نتیش کمار اور تیجسوی یادو سے ملاقات

,

   

سیاسی نہیںلیکن اہم امور پر بات چیت ہوئی ‘ شیو سینا قائد کی میڈیا سے بات چیت

پٹنہ :مہاراشٹرا کے سابق وزیر آدتیہ ٹھاکرے چہارشنبہ کو بہار کے دارالحکومت پٹنہ پہنچے اور چیف منسٹر نتیش کمار اور نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو کی رہائش پر پہنچ کر ملاقات کی۔ انھوں نے اس ملاقات کے تعلق سے کہا کہ ’’پہلے بھی ان لیڈروں سے بات ہوتی تھی، اس لیے سوچا کہ اب ملاقات ہونی چاہیے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہم لوگوں کے درمیان کبھی تلخی نہیں رہی ہے، اور یقین ہے کہ یہ دوستی قائم رہے گی۔‘‘چہارشنبہ ک آدتیہ ٹھاکرے دوپہر بعد پٹنہ ہوائی اڈہ پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس کے بعد ہوائی اڈے سے وہ سیدھے سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی کی رہائش پر پہنچے جہاں نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو سے ملاقات کی۔ اس دوران تیجسوی یادو نے آدتیہ ٹھاکرے اور ان کے ساتھ آئیں رکن پارلیمنٹ پرینکا چترویدی و شیوسینا (یو بی ٹی) انل دیسائی کا استقبال کیا۔ اس دوران تیجسوی یادو نے متھلا پینٹنگ کی چادر اور لالو پرساد پر لکھی دو کتابیں آدتیہ ٹھاکرے کو بطور تحفہ پیش کیا۔ آدتیہ ٹھاکرے نے بھی تیجسوی یادو کو ایک مراٹھی شال اور شیواجی مہاراج کی مورتی تحفے میں دی۔رابڑی دیوی کی رہائش میں ملاقات اور میٹنگ کے بعد آدتیہ ٹھاکرے و تیجسوی یادو وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ملنے وزیر اعلیٰ رہائش پہنچے۔ اس دوران تینوں لیڈروں کے درمیان تقریباً نصف گھنٹے تک بات چیت ہوئی۔ وزیر اعلیٰ کی رہائش سے نکلنے کے بعد دونوں لیڈران کافی خوش نظر آ رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ سے ملنے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ تیجسوی یادو بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں جو بھی نوجوان مہنگائی، روزگار اور آئین کے لیے کام کرنا چاہتا ہے، اگر وہ آپس میں بات چیت کریں تو ملک میں کچھ بہتر کر سکیں گے۔آدتیہ ٹھاکرے نے آج بہار کے اہم لیڈروں سے ہوئی ملاقات کے بارے میں کہا کہ ’’سیاست کے تعلق سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔ ہر جگہ سیاست کرنا ضروری نہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’کچھ اہم ایشوز پر بات چیت ضرور ہوئی لیکن اس میں سیاسی باتیں نہیں تھیں۔‘‘دوسری طرف تیجسوی یادو نے کہا کہ ’’مہاراشٹرا میں ایجنسیوں کا غلط استعمال کر کے اور پیسہ کی طاقت پر جو کھیل کھیلا گیا اسے ملک جانتا ہے۔ بی جے پی کو ہم لوگوں نے مل کر بہار میں سبق سکھایا ہے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ ہم لوگوں کی سوچ ہے کہ ملک میں امن و امان برقرار رہے اور ملک ترقی کرے۔ تیجسوی نے یہ بھی کہا کہ ترقی کے اصل ایشوز پر بحث ہونی چاہیے، بے معنی چیزوں پر نہیں۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا ’’ہم سبھی لوگ ایک دوسرے کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ آج ملک میں اصل لڑائی جمہوریت بچانے اور آئین بچانے کی ہے۔‘‘