آشا پاریکھ پھالکے ایوارڈ کیلئے نامزد

   

نئی دہلی: ’کٹی پتنگ‘، ’میرا گاوں میرا دیش‘ اور’لو ان ٹوکیو‘ جیسی یادگار فلموں میں شاندار کردار ادا کرنے والی اپنے وقت کی عظیم اداکارہ آشاپاریکھ کو سال 2020 کے لئے دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ صدر محترمہ دروپدی مرمو 30 ستمبر کو نئی دہلی میں 68 ویں قومی فلم ایوارڈ کی تقسیم کی تقریب میں محترمہ پاریکھ کو ایوارڈ پیش کریں گی۔ 52ویں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ کی جیوری کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے منگل کو کہاکہ ’’مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ دادا صاحب پھالکے سلیکشن جیوری نے آشا پاریکھ جی کو ہندوستانی سنیما میں ان کی مثالی کردار کے لیے اعزاز سے سرفراز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹھاکر نے یہ بھی اعلان کیا کہ 68 ویں قومی فلم ایوارڈز 30 ستمبر کو نئی دہلی میں منعقد ہوں گے اور اس کی صدارت ہندوستان کی صدر دروپدی مرمو کریں گی۔