بی جے پی ایم پی نشیکانت دوبے کی ڈگری پر سوالیہ نشان: مہواموئترا

   

نئی دہلی: ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا نے کل بی جے پی رکن پارلیمنٹ نشیکانت دوبے پر تنقید کی اور انتخابی کمیشن کو سونپے گئے حلف ناموں کے مطابق ان کی تعلیمی اہلیت کے ثبوت پر سوال اٹھائے۔ اس کے جواب میں دوبے نے کہا کہ دہلی یونیورسٹی آر ٹی آئی کا جواب نہیں دیتا ہے ۔ انھوں نے انتخابی کمیشن کا ایک دستاویز شیئر کیا، جس نے معاملے کو رد کر دیا ہے۔ اس معاملہ میں سب سے پہلے جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین اور ایک دیگر عرضی دہندہ وشنو کانت جھا نے پیش قدمی کی تھی اور نشیکانت دوبے کی ڈگری پر سوال اٹھائے تھے۔ اس تعلق سے ٹریبیون ہندی ڈاٹ کام میں ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں موئترا کے کل کیے گئے سلسلہ وار ٹوئٹ کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ اس ٹوئٹ میں موئترا نے دعویٰ کیا کہ 2009 اور 2014 کے لوک سبھا انتخابات کے دوران دوبے کے حلف نامہ میں دہلی یونیورسٹی سے جز وقتی ایم بی اے کو اپنی اہلیت کی شکل میں پیش کیا گیا تھا۔ انھوں نے ایک آر ٹی آئی بھی شیئر کیا جس میں دہلی یونیورسٹی کے مبینہ جواب کا تذکرہ کیا گیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 1993 میں تعلیمی سال کے دوران ایسے کسی بھی امیدوار کو داخلہ نہیں دیا گیا تھا یا پاس آؤٹ نہیں کیا گیا تھا۔