تلنگانہ میں بی جے پی کی باگ ڈور امیت شاہ نے سنبھال لی

   

ریاستی قائدین میں اختلافات کے بعد فیصلہ ۔ ٹی آر ایس کو قابو میں کرنا اصل مقصد
حیدرآباد۔7۔اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ کے سیاسی امور کی نگرانی مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ خود کریں گے اور تلنگانہ میں بی جے پی کی باگ ڈور امیت شاہ کے ہاتھ میں ہوگی۔ تلنگانہ میں بی جے پی کے استحکام کی حکمت عملی سے متعلق کہا جا رہاہے کہ ریاستی قائدین کے درمیان اختلافات اور ٹی آر ایس کے موقف کو دیکھتے ہوئے پارٹی نے تلنگانہ امور کو امیت شاہ کے حوالہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے والے تمام قائدین سے راست امیت شاہ کی ملاقات ہوگی اور وہ ان کے مشوروں کے مطابق اپنی حکمت عملی تیار کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق شہر حیدرآباد میں بی جے پی قومی عاملہ اجلاس کے بعد پارٹی کے سرکردہ قائدین نے ریاستی قائدین میں اختلافات کا سخت نوٹ لیا اور انہیں کسی طرح کی باغیانہ یا مخالف پارٹی سرگرمیوں کا حصہ بننے پر سخت عواقب کا انتباہ دیا تھا لیکن پارٹی قائدین کے درمیان اختلافات کو دیکھتے ہوئے پارٹی نے قومی انچارجس کی تبدیلی کے ساتھ تمام امور امیت شاہ کے حوالہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔تلنگانہ کی سیاسی سرگرمیوں اور پارٹی میں شمولیت کرنے والے قائدین سے امیت شاہ کی ملاقاتوں اور ان کو مشوروں کے متعلق جو اطلاعات ہیں وہ یہ ثابت کرتی ہیں کہ وزیر داخلہ تلنگانہ کے پارٹی امور میں راست سرگرم ہوچکے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ ریاستی حکومت اور چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ جو کہ مرکزی حکومت اور وزیر اعظم کے خلاف محاذ کھول چکے ہیں ان پر قابو پانے پارٹی نے امیت شاہ کو تلنگانہ کی ذمہ داری تفویض کی ہے تاکہ وہ تلنگانہ میں راست سرگرم ہوکر پارٹی کے استحکام کے علاوہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کو قابو کرنے میں کامیابی حاصل کریں۔